کے ڈی اے میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے کمپلینٹ کائونٹرز فعال کیے جائیں، سعید غنی

بدھ ستمبر 16:12

کے ڈی اے میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے کمپلینٹ کائونٹرز فعال ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 ستمبر2018ء) وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے ) میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے کمپلینٹ کائونٹرز فعال کیے جائیں اورموبائل ایپ کے ذریعے عوام کو گھر بیٹھے ان کے مسائل کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی صبح سیکرٹری بلدیات کے دفتر میں کے ڈی اے کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر بلدیات نے کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کی تشکیل اور اجلاس کے حوالے سے سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی کے ڈی اے کو ہدایات بھی دیں۔ سعید غنی نے کہا کہ اداروں میں عوامی مشکلات اور عوام کی رہنمائی کے لئے انتظامات نہ ہونے اور شکایات کے ازالے کے لئے متعلقہ افسران تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے جہاں ایک طرف مسائل جنم لے رہے ہیں تو دوسری طرف اداروں کی بدنامی کا سبب بھی بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے زیر انتظام تمام اداروں میں معلوماتی اور شکایاتی کائونٹرز ہی اس کا واحد حل ہے۔ انہوں نے ڈی جی کے ڈی اے کو ہدایات دی کہ سوک سینٹر میں قائم کے ڈی اے کے مرکزی دفتر میں شکایاتی اور معلوماتی کائونٹرز فوری طور پر قائم کئے جائیں اور یہاں آنے والی شکایات کے فوری ازالے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

اس موقع پر کے ڈی اے کے ڈی جی سمیع صدیقی نے صوبائی وزیر کو گذشتہ روز ہونے والے اجلاس میں ملنے والی ہدایات پر کی جانے والی کارروائیوں اور اقدامات سے انہیں آگاہ کیا اور بتایا کہ افسران اور ملازمین کے حوالے سے تمام تر تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں جبکہ ان افسران اور ملازمین کی روزانہ اور بروقت حاضری کو یقینی بنانے کے لئے جلد ہی بائیو میٹرک سسٹم کے لئے بھی کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر سے استدعا کی کہ کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کے اجلاس کے لئے اس میں دو ارکان سندھ اسمبلی، محکمہ خزانہ اور محکمہ ایڈمنسٹریشن کے ایک ایک افسر کی تعیناتی کے لئے وہ ہدایات دیں تاکہ گورننگ باڈی میں ان ممبران کی تعداد کو مکمل کرنے کے بعد اجلاس طلب کیا جاسکے اور کے ڈی اے کے حوالے سے درکار فیصلے کئے جاسکیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو دو ارکان سندھ اسمبلی کی تقرری کے لئے خط لکھ دیا ہے جبکہ دو ممبران افسران کی بھی آئندہ چند روز میں تعیناتی کردی جائے گی۔

اجلاس کے موقع پر سیکرٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی، سیکرٹری فضیل بخاری، رام چند، نوید اظہار، عطا عباس، محمد قاسم، کمال احمد، لیاقت علی سمیت کے ڈی اے کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔