Live Updates

پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی، چینی وزیرخارجہ

پاکستان اور چین کو اقتصادی راہداری منصوبے کوآگے بڑھانے، تجارت کے فروغ اور غربت کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنی چاہئیں ،شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہماری حکومت اقتصادی راہداری کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کریگی، پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے ، یہ منصوبہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح رہے گا،ملاقات میں گفتگو

بدھ 26 ستمبر 2018 16:18

پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی، چینی وزیرخارجہ
اسلام آباد /بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ چین کے تعلقات خراب کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کے اس نئے دور کا خیرمقدم کرتا ہے جو وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد شروع ہوا ہے۔ جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیاہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے جس کے ذریعے پاکستان میں ملازمتوں، ترقی اور معیارِ زندگی میں بہتری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،ہماری حکومت اقتصادی راہداری کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔

پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے اور یہ منصوبہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح رہے گا۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں چینی وزیرِ خارجہ نے یہ بات نیویارک میں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات میں کہی۔ دونوں رہنما اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں جہاں انہوں نے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی۔

نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے وانگ یی کو بتایا کہ حالات میں تبدیلی کے باوجود پاکستان اور چین کے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ملاقات کے بعد چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں وانگ یی کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کے اس نئے دور کا خیرمقدم کرتا ہے جو وزیرِ اعظم عمران خان کی حکومت کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد شروع ہوا ہے۔

لیکن چینی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ پاک چین تعلقات میں مداخلت کرنے یا بداعتمادی پیدا کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کو اقتصادی راہداری منصوبے کوآگے بڑھانے، تجارت کے فروغ اور غربت کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنی چاہئیں تاکہ پاکستان کے عوام تک ان کے ثمرات پہنچ سکیں۔چینی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے جس کے ذریعے پاکستان میں ملازمتوں، ترقی اور معیارِ زندگی میں بہتری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

پاکستانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ان کی حکومت اقتصادی راہداری کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے ملاقات میں چینی ہم منصب کو بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے اور یہ منصوبہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح رہے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات