سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل

راجہ طارق بشیر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بلامقابلہ جنرل سیکرٹری ‘نائب صدر کیلئے جاوید اعظم ایڈووکیٹ ،ممبران ایگزیکٹو کمیٹی کیلئے راحت فاروق ‘ حاجی عمران اور اورنگزیب ایڈووکیٹ بلامقابلہ منتخب

بدھ 26 ستمبر 2018 16:36

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ‘ راجہ طارق بشیر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بلامقابلہ جنرل سیکرٹری ‘نائب صدر کے لیے جاوید اعظم ایڈووکیٹ جبکہ ممبران ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے راحت فاروق ‘ حاجی عمران اور اورنگزیب ایڈووکیٹ بلامقابلہ منتخب ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ‘ چیئرمین الیکشن بورڈ میر شرافت حسین ایڈووکیٹ و حاجی منصف داد خان ایڈووکیٹ میرپور ‘ سردار طاہر انور ایڈووکیٹ راولاکوٹ ممبران الیکشن بورڈ نے کی ‘ جانچ پڑتال کے بعد چوہدری محفوظ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ‘ راجہ انعام اللہ خان ایڈووکیٹ میرپورکے کاغذات نامزدگی بطور صدارتی اُمیدواردرست قرار دے دیئے گئے ‘ جنرل سیکرٹری کے لیے صرف ایک ہی اُمیدوار کے کاغذات نامزدگی وصول ہوئے جو درست قرار دے دیئے گئے ‘ نائب صدر کے لیے جاوید اعظم ایڈووکیٹ پلندری اور ساجد حسین عباسی ایڈووکیٹ مظفرآباد نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جانچ پڑتال کے بعد ساجد عباسی ایڈووکیٹ کے کاغزات نامزدگی عرصہ وکالت کم ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیئے گئے جبکہ جاوید اعظم ایڈووکیٹ کے کاغذات درست قرارپائے گئے ‘ جائنٹ سیکرٹری کے لیے 3 اُمیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جن میں خواجہ عامر رسول بٹ ‘ حافظ فضل الرحمن ایڈوکیٹ میرپور اور سید شجاعت علی گیلانی ایڈووکیٹ مظفر آباد نے کاغذات جمع کروائے ‘ ممبران ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے 3اُمیدواران کے کاغذات درست قرار دیئے گئے ان میں حاجی عمران ایڈووکیٹ ‘ اورنگزیب خان ایڈووکیٹ میرپور اور راحت فاروق ایڈووکیٹ مظفر آباد شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد راجہ طارق بشیر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ بلامقابلہ جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ہیں جبکہ نائب صدر کے لیے جاوید اعظم ایڈووکیٹ جبکہ ممبران ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے راحت فاروق ‘ حاجی عمران اور اورنگزیب ایڈووکیٹ بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں اس طرح اگر کسی دیگر اُمدوار نے کاغذات نامزدگی واپس نہ لیے تو صدارت کے لیے 2 اُمیدواران کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ جائنٹ سیکرٹری کے لیے 3 اُمیدواران کے درمیان مقابلہ ہو گا ‘ کاغذات نامزدگی کی واپسی کی تاریخ 27ستمبر مقرر ہے جبکہ الیکشن کی پولنگ 13 اکتوبر کو مظفر آباد ‘ میرپور اور راولاکوٹ میں ہو گی ۔