مقبوضہ کشمیر : ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا شبیر احمد شاہ اور دیگرنظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

بدھ 26 ستمبر 2018 17:03

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ اور جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند دیگرکشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کاا ظہا ر کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی بد قسمتی کی بات ہے کہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کے ساتھ مختلف جیلوں کے اندر مجرموں جیسا برتائو کیا جارہا ہے اورکشمیریوں کیلئے جیلوں کو بدترین اذیت خانوں میں تبدیل کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس سے بڑھ کر تشویشناک بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ سینئر حریت رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر شاہ کو نئی دلی کی بدنام زمانہ تہار جیل کے اندرایک چھوٹی سی کوٹھری میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جہاں حفظان صحت کے بنیادی اصولوں کو بھی نظر انداز کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ کئی عارضوں میں مبتلا ہیں لیکن اسکے باوجود انہیں مناسب علاج و معالجہ سے محروم رکھاگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نظر بندوں کو آئے روزجیل انتظامیہ کے غیض و غضب کا بھی سامنا کرنا پڑتاہے۔ترجمان نے کہا کہ جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوںکا قصور صرف اتنا ہے کہ وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :