قائداعظم ؒ کی شخصیت اور خدمات پر مشتمل ڈاکٹر ہارون الرشید کی کتاب منظر عام پر آگئی

بدھ 26 ستمبر 2018 17:06

سرگودھا۔26 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) بانئ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی شخصیت اور خدمات پر مشتمل پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کی کتاب ’’ مدبرِ پاکستان‘‘ منظرعام پر آگئی ہے ۔ 200صفحات پر مشتمل اس شہکار کتاب کو مثال پبلشرز ، فیصل آباد نے شائع کیا ہے ۔ محمد عابد (پبلشر)،محمد طارق طیب، ذوالفقار احسن اور عطیہ افتخار نے حروف نگاری اور حروف خوانی میں معاونت کی ہے ۔

کتاب 13حصوں پر مشتمل ہے ۔ پاکستان اور بانئ پاکستان کے حوالے سے یہ کتاب نوجوانوں کے لیے بہت مفید ہے ۔ کتاب کے مؤلف ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے اس کتاب میں عوام الناس کی توجہ اس بات پر مرکوز کروائی ہے کہ محمد علی جناحؒ نے کسی لالچ کے بغیر مسلمانوں کی خدمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنھوں نے صحت کی خرابی کے باوجوداپنا مشن جاری رکھا ۔ نامساعد حالات میں مخالف قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

اُنھوںنے اپنی جائیداد تعلیمی اداروں کے نام منتقل کر کے نسلِ نو خصوصاً طالب علموں سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے ۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کو مثالی ہیرو بنانے کے لیے نصابِ تعلیم کو قومی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے ۔ ’’ مدبرِ پاکستان ‘‘ نے روشن پاکستان کے لیے جو خواب دیکھے وہ عمل سے ہی ممکن ہیں۔ تبدیلی اور نئے پاکستان کا نعرہ اُسی صورت میں پورا ہو سکتاہے جب ہم پاکستان کو ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات کی روشنی میں فعال ملک بنانے کی عملی جدوجہد کریں گے۔

پاکستانیت اور قومی شعور بیدار کرنے کے لیے پوری قوم کو وطنِ عزیز سے محبت کا دم بھرنا ہوگا۔ علمی و ادبی حلقوں نے ’’مدبرِ پاکستان ‘‘ کی اشاعت پر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کو مبارک دی ہے ۔