ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 18 اکتوبر سے عمان میں شروع ہوگی

ایونٹ میں چھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی ، بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی

بدھ 26 ستمبر 2018 18:05

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 18 اکتوبر سے عمان میں شروع ہوگی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2018ء) ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 18 اکتوبر سے مسقط، عمان میں شروع ہوگی جبکہ بھارت کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ ایونٹ میں 6 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں میزبان عمان، پاکستان، بھارت، ملائیشیا، جنوبی کوریا اور جاپان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان اپنے سنگل گروپ میں پانچ میچ کھیلے گا، پاکستان اپنا پہلا میچ 19 اکتوبر کو جنوبی کوریا کے خلاف کھیلے گا، دوسرا 20 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف، تیسرا 22 اکتوبر سے عمان، چوتھا 24 اکتوبر کو جاپان اور گروپ کا اپنا آخری میچ 25 اکتوبر کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔

ٹورنامنٹ کے پوزیشن میچز 27 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل کو تیسری پوزیشن کا میچ 28 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے جس میں 31 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، واضح رہے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 2011 میں ہوا۔ پاکستان اور بھارت نے دو، دو بار ٹائٹل اپنے نام کئے۔