حکومت سائنس و ٹیکنالوجی اداروں کے مستقل سربراہان کی فوری تعیناتی،

مذکورہ سیکٹر کیلئے بجٹ میں اضافہ ، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی جلد از جلد تقرری کرے،ماہرین تعلیم کا مطالبہ

بدھ 26 ستمبر 2018 18:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) ماہرین تعلیم نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ سائنس و ٹیکنالوجی اداروں کے مستقل سربراہان کی فوری تعیناتی، مذکورہ سیکٹر کیلئے بجٹ بڑھانے، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی جلد از جلد تقرری کو یقینی بنائے جبکہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کامسیٹس ڈاکٹر جنید زیدی نے کہا ہے کہ نئی حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی تقرری اگلے ماہ متوقع ہے۔

ماہر تعلیم اور نیشنل کوآرڈینیٹر انٹر یونیورسٹی کنسورشیم مرتضیٰ نور نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ماتحت کام کرنے والے مختلف محکموں کے سربراہان کی میرٹ پر تعیناتی سے اس اہم سکیٹر کی کارکردگی میں بہتری آئے گی جو ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعمیری پالیسیوں میں استحکام اور تسلسل لانے کیلئے ایڈہاک ازم کے رحجان کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بہت پیچھے ہے جو تشویش کی بات ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس سیکٹر کی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے کسی سائنسدان یا اس شعبہ میں وسیع تجربہ کے حامل شخص کو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی تعینات کیا جائے۔ ماہر تعلیم اور نیشنل کوآرڈینیٹر پی سی ای کنیز زہرہ نے کہا کہ محض اس سکیٹر کیلئے بجٹ بڑھانے سے مثبت نتائج سامنے نہیں آئیں گے بلکہ متعلقہ افسران کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس ڈاکٹر جنید زیدی نے کہا ہے کہ نئی حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی تقرری اگلے ماہ متوقع ہے جس کے بعد حالات بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی اہم شعبہ ہے اور امید ہے کہ نئی حکومت اپنے منشور کے مطابق اس شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دے گی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے گزشتہ کئی سال نظر انداز ہوتے چلے آ رہے ہیں، ان اداروں کی جلد از جلد بحالی انتہائی ناگزیر ہے۔