افغانستان میں ایک ہی خاندان کی12افراد کی ہلاکت بظاہر فضائی حملہ سے ہوئی ہے، اقوام متحدہ

بدھ 26 ستمبر 2018 19:07

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) افغانستان میں اقوا م متحدہ کے مشن نے کہا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق واردک میں ایک ہی خاندان کی12افراد کی ہلاکت بظاہر فضائی حملہ سے ہی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

عالمی میڈیا نے افغانستان میں اقوا م متحدہ کے معاونتی مشن کے حوالہ سے بتایاکہ اتوار کی رات کابل کے نواحی صوبہ واردک میں ہوائی گولہ لگنے سے مکان تباہ ہوا جس کے نتیجہ میں 6 سے لے کر15 سال تک کی عمر کے 10 بچوں اور دو خواتین سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ قبل ازیں فرانسیسی ادارہ نے بھی بعض عینی شاہدین کے حوالہ سے بتایا تھا کہ فضائی حملہ سے 12 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

عبداللہ نامی عینی شاہد کے مطابق حملہ سے 3دیگر مکانات بھی تباہ ہوئے جبکہ فوجی ان گھروں سے 100 میٹر دور واقع طالبان کی جیل پر بم گرانا چاہتے تھے ۔ دریں اثناء افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ واردک میں حملہ بارے تحقیقات جاری ہیں۔