پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے قومی کرکٹر ناصر جمشید نے اپنی سزا کیخلاف اپیل دائر کردی

بدھ 26 ستمبر 2018 19:10

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے قومی کرکٹر ناصر جمشید نے ..
لاہور۔26 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے قومی کرکٹر ناصر جمشید نے اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی،ناصرجمشید نے اپنے وکیل کے ذریعے پی سی بی میں اپیل کی درخواست جمع کروائی ہے، جس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے موقف اختیار کیا کہ انہیں دی جانے والی سزا ختم کی جائے ، میرے اوپرمیچ فکسنگ کے لیے اکسانے کا الزام لگاکر دس برس کی پابندی لگادی گئی، پاکستان سپرلیگ میں شرکت نہیں کی اورنہ ہی کسی کرکٹرز کوغلط کام کرنے پر اکسایا، جو لوگ فکسنگ میں قصور وار قرارپائے، انہیں دوسے پانچ برس کی سزائیں دی گئیں، میں نے کچھ کیا ہی نہیں تو مجھ پر دس سال کا بین لگادیا گیا، واضح رہے کہ ناصر جمشید کو جسٹس ریٹائرڈ اصغر حیدر نے دو شقوں کی خلاف ورزی پر ایک سال پابندی لگائی تھی جو بارہ فروری کو ختم ہونے سے چندروز پہلے پی سی بی نے دوبارہ کرکٹرکو پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا اور جسٹس فضل میراں چوہان کی سربراہی میں بننے والے اینٹی کرپشن ٹربیونل نے ناصرجمشید پر دس سال کے لیے کرکٹ کھیلنے اوراس سے متعلقہ ہرقسم کی سرگرمیوں میں شرکت پرپابندی لگادی تھی،ناصر جمشید اپیل کے ذریعے اپنی سزا ختم کروانے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔