درختوں کے بغیر ماحول کو آلودگی سے پاک کرنا مشکل امر ہے،ڈاکٹرفیصل ظہور

بدھ 26 ستمبر 2018 19:59

ملتان۔26 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) ڈا ئریکٹر جنر ل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان ڈاکٹر فیصل ظہور نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے،درختوں کے بغیر ماحول کو آلودگی سے پاک کرنا انتہائی مشکل امر ہے،زیادہ سے زیادہ شجر کاری کر کے ماحول کو سازگار بنایا جا سکتا ہے،اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار آرٹس کونسل پارک میں سوئی نادرن گیس اور پی ایچ اے کے تعاون سے ہونے والی شجر کاری کے آغاز کے موقع پر کیا ،اُنھوں نے کہا کہ شجر کاری کسی ایک فرد یا ادارے کی ذمہ داری نہیں، یہ پودے معاشرے کے ہر فرد اور ادارے کی ذمہ داری ہے،مشترکہ کاوشوں سے ہی ماحول کو سر سبز و شاداب بنایا جا سکتا ہے،ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی شجر کاری مہم میں تمام ادارے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ،جو خوش آئندہ بات ہے،اُنھوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کے حصہ لیں ،ڈاکٹر فیصل ظہور نے کہا کہ پارکس میں درخت لگانے کا مقصد ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بہتر پانی کی فراہمی بھی ہے،پی ایچ اے ایسی جگہوں پر شجر کاری کر رہی ہے جہاں پانی کی فراہمی بہتر انداز سے ہو اور درختوں کی حفاظت بھی یقینی بنایا جا سکے،شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل جل کر کام کرنا ہوگا،اس سلسلے میں 100سے زائد پلکن ،جامن اور بکائن کے درخت بھی پارک میں لگائے گئے،اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی، ڈپٹی چیف ایڈمن سوئی گیس عثمان کریم بیگ، طلحہ خالد انجینئر سوئی گیس ،ہاشر اکبر ،انجینئر سوئی گیس ،اشفاق راجپوت ڈائریکٹر ایڈمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن سوئی گیس ذوہیب رائو موجود تھے۔