صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی کی زیرقیادت وفد کی ملاقات

امراض قلب میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، تمباکو نوشی ان بیماریوں کی ایک بہت بڑی وجہ ہے ،عوام میں شعور کا فقدان بھی دیگر عوامل میں شامل ہے،عوام کو اپنا طرز زندگی تبدیل کرنا چاہئے ، امراض قلب و دیگر بیماریوں کی روک تھام کیلئے اپنی غذاء کو بہتر بنانا چاہئے ،ْ صدر مملکت

بدھ 26 ستمبر 2018 21:13

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ امراض قلب میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، تمباکو نوشی ان بیماریوں کی ایک بہت بڑی وجہ ہے جبکہ عوام میں شعور کا فقدان اور بیٹھے رہنے کی عادت بھی دیگر عوامل میں شامل ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پناہ کے وفد کے ہمراہ بدھ کو ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت کی کوششوں کے علاوہ عوام کو بھی اپنا طرز زندگی تبدیل کرنا چاہئے اور امراض قلب و دیگر بیماریوں کی روک تھام کیلئے اپنی غذاء کو بہتر بنانا چاہئے۔ انہوں نے ’’پناہ‘‘ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امراض قلب سے بچائو کے بارے میں تنظیم کی مہمات اور کیمپوں کا انعقاد لوگوں میں شعور بیدار کر رہا ہے۔ صدر نے صحت عامہ کے اہلکاروں کی تربیت اور استعداد کار میں اضافہ کیلئے پناہ کے کردار کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے اس نیک مقصد کیلئے اپنی بھرپور حمایت اور سرپرستی کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین پناہ میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن نے صدر مملکت کو انسانیت کی خدمت کیلئے اپنے ادارہ کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔