سول سوسائٹی ضمنی انتخابات میں خواتین کا ٹرن آئوٹ بڑھانے کیلئے کرداراداکرے‘ الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا

جمعرات 27 ستمبر 2018 14:34

سول سوسائٹی ضمنی انتخابات میں خواتین کا ٹرن آئوٹ بڑھانے کیلئے کرداراداکرے‘ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2018ء) خیبرپختونخوا الیکشن کمشنر پیرمقبول احمدنے کہاہے کہ شانگلہ میں خواتین کے کم ووٹ ڈالنے کی وجہ سے ایک نشست پر الیکشن دوبارہ کرانے پڑے‘ لہٰذا سول سوسائٹی سے درخواست ہے کہ آئندہ ضمنی انتخابات میں خواتین کا ٹرن آئوٹ بڑھانے کیلئے اپنا کرداراداکرے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو پشاور میں جینڈر الیکٹرول ورکنگ گروپ کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا‘ اجلاس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کے علاوہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جنڈر آفیئر ‘الیکشن کمیشن آف پاکستان نگہت صدیق ڈائریکٹر ہارون شنواری ‘پی آر او سہیل احمد ڈپٹی ڈائریکٹر سید ظہور شاہ ‘وومن کمیشن کی آمنہ درانی بریج کے شمس نوید ‘ دہلاس گل کے سید ظفر علی شاہ ‘یو آر ڈی او کے شاہد وسیم ‘ پیمان کے اسفندیار خان ‘ یواین ڈپی کے بلال خٹک‘اوئرز گرلز کی مدیحہ اور خواندہ کور کی لبنیٰ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پیر مقبول احمدنے کہاکہ الیکشن کمیشن کیلئے 25جولائی کے عام انتخابات کا انعقاد کسی چیلنج سے کم نہیں تھے تاہم الیکشن کمیشن نے جنگی بنیاوں پر اس کے انعقاد کوکامیابی کے ساتھ یقینی بنایا۔انہوں نے کہاکہ دیر جیسے علاقوں میں خواتین نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے جو ایک خوش آئند بات ہے‘ انہوں نے کہاکہ انتخابات میں خواتین کے ٹرن آئوٹ میں اضافہ کی وجہ دوسرے اداروں کے علاوہ سول سوسائٹی کا اہم کرداربھی ہے‘ اجلاس سے خطاب میں نگہت صدیق نے کہاکہ ایک ہی دن انتخابات منعقد کرانا بہت بڑا مرحلہ ہوتاہے ‘ جس کیلئے پولنگ عملے کو بہترین اور موثر تربیت دی جاتی ہے ‘انہوں نے کہاکہ انتخابات کے دوران اور پہلے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے حوالے سے سول سوسائٹی کی نشاندہی پر الیکشن کمیشن بروقت نوٹس لیتاہے اور انتخابات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے سول سوسائٹی کی شفارشات کی حوصلہ افزائی کی جائی گی‘انہوں نے کہاکہ بحیثیت پاکستانی شہری ہم سب کو احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیکشن کے صاف شفاف انعقاد اور بہترین نمائندوں کے چنائو کے لیے اپنا کرداراداکرناہوگا‘اجلاس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات میں بہتر انتظامات ‘بروقت رابطوں اور کارروائی کو سراہا۔

اجلاس میں دیر لوئر میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے کی وجہ سے جاں بحق ہونے والی پریذائیڈنگ آفیسر اور لیویز اہلکار کی مغفرت کیلئے دعابھی کی گئی۔