پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،

دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاسوں کے نتیجہ میں تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، پاکستان اپنی ہنرمند افرادی قوت کے ساتھ کویت کی مستقبل کی انسانی وسائل کی ضروریات کو پوری کر سکتا ہے ْصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی کویت کے وزیر برائے تجارت و صنعت خالد نصر عبدالله سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 27 ستمبر 2018 16:08

پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاسوں کے نتیجہ میں تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وہ کویت کے وزیر برائے تجارت و صنعت خالد نصر عبدالله سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویت کے وزیر تجارت نے صدر مملکت کو امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ صدر مملکت نے کویت کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی برادری کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنی ہنرمند افرادی قوت کے ساتھ کویت کی مستقبل کی انسانی وسائل کی ضروریات کو پوری کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کویت کے وزیر تجارت نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کویت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے سے متعلق فیصلے کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور کویت مسلم دنیا کے اہم ممالک ہیں اور مشترکہ مقاصد کے لئے ہر سطح پر مل کر کام جاری رکھیں گے۔