Live Updates

نیپرا کا ایکشن، کےالیکٹرک کو50 لاکھ روپے جرمانہ

کے الیکٹرک کوطویل بجلی کی لوڈشیڈنگ، بجلی کی پیداواری صلاحیت اور ترسیل میں ناقص کارکردگی پرجرمانہ کیا گیا۔اعلامیہ نیپرا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 27 ستمبر 2018 17:13

نیپرا کا ایکشن، کےالیکٹرک کو50 لاکھ روپے جرمانہ
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 ستمبر 2018ء) نیپرا نے کراچی الیکٹرک کمپنی کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کردیا، کے الیکٹرک کو لمبے عرصے کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کرنے، بجلی کی پیداواری صلاحیت اور ترسیل میں ناقص کارکردگی پر جرمانہ کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا کی ٹیم نے کراچی میں کے الیکٹرک کمپنی کا دورہ کیا ہے۔ نیپرا حکام نے کمپنی کی بجلی پیداواری صلاحیت، بجلی کی ترسیل اور ڈسٹری بیوشن سے متعلق سہولتوں کا جائزہ لیا۔

اعلامیہ نیپرا کے مطابق 2017ء کے رمضان المبارک میں صارفین کو طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ کے الیکٹرک کمپنی صارفین کو بلا امتیاز بجلی کی فراہمی کرنے میں ناکام رہی۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کوشدید پریشانی کا سامنا رہا۔ اس دوران کے الیکٹرک کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

کمپنی کا دورہ کرنے والی نیپرا ٹیم کو بھی 16گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا جس پرنیپرا ٹیم نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

تاہم عوام کو بجلی کی فراہمی میں ناکامی پرنیشنل الیکٹرک پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی نے کے الیکٹرک کو 50 لاکھ روپے جرمانہ کردیا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ڈاکٹر شفیق نے صنعتکار وں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیپرا کی جانب سے بجلی کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں1.16روپے اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا۔ صنعتی شعبہ کی ترقی کے لیے پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے صنعتی شعبہ زائد پیداواری لاگت کے باعث حریف ممالک چین، بنگلہ دیش،ویت نام سے مسابقت نہیں کر پارہا۔

صنعتی شعبہ میں بجلی و گیس کی زائد قیمتوں کے باعث پاکستانی اشیاء مہنگی ہونے کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی اشیائی کی مانگ میں کمی سے برآمدات کم اور تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہی۔ ڈاکٹر شفیق اے نقی نے کہا کہ پیداواری لاگت بڑھنے سے صنعتوں کی شرح نمو کم ہو کر رہ گئی ہے جس سے صنعتکاروتاجر برادری پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ بڑھتے ہوئے بے جا ٹیکس اور گیس و بجلی کی قیمتوں میں خطے کے دیگر ممالک کی نسبت اضافہ سے اشیاء کی پیداواری لاگت دن بدن بڑھ رہی ہیں جس سے بالواسطہ طور پر عوام متاثر ہورہی ہے۔

پیداوار کم ہونے سے برآمدات بھی متاثر ہو رہی ہیں اور برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھتا جا رہا ہے۔ برآمدات بڑھانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں ۔جن میں بجلی کی قیمتوں میں کمی بھی شامل ہے ۔اس لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں بلکہ کمی کی جائے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات