پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، ڈاکٹر عارف علوی

دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاسوں کے نتیجہ میں تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات مزید مضبوط ہونگے،صدر مملکت کی کویت کے وزیر برائے تجارت و صنعت سے گفتگو

جمعرات 27 ستمبر 2018 18:10

پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، ڈاکٹر عارف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاسوں کے نتیجہ میں تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وہ کویت کے وزیر برائے تجارت و صنعت خالد نصر عبدا للہ سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

کویت کے وزیر تجارت نے صدر مملکت کو امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔صدر مملکت نے کویت کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانی برادری کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنی ہنرمند افرادی قوت کے ساتھ کویت کی مستقبل کی انسانی وسائل کی ضروریات کو پوری کر سکتا ہے۔ اس موقع پر کویت کے وزیر تجارت نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کویت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔