وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے اسلامک بینکنگ انسٹی ٹیوشنز کے چیف ایگزیکٹو افسران کے وفد نے کی ملاقات

جمعہ 28 ستمبر 2018 00:00

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے اسلامک بینکنگ انسٹی ٹیوشنز کے چیف ایگزیکٹو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے اسلامک بینکنگ انسٹی ٹیوشنز کے چیف ایگزیکٹو افسران کے ایک وفد نے جمعرات کو وزیر خزانہ کے آفس میں ملاقات کی۔ سیکرٹری خزانہ عارف احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران میزان بینک کے صدر عرفان صدیقی نے پاکستان میں اسلامی بینکاری کے شعبہ سے متعلق پریزنٹیشن دی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد کی طرف سے اسلامی بینکاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، ملک کی بڑی آبادی اسلامی بینکاری کی خدمات سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس حوالہ سے 2005ء میں صنعت کو فروغ دیا گیا جس میں ایک مشاہدہ کے تحت شرح نمو 35 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ پریزنٹیشن میں وزیر خزانہ کو مستقبل میں اسلامی بینکاری کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے اور اسلامی سرمایہ کاری کی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنونشنل بینکاری کے ساتھ ساتھ اسلامی بینکاری کو بھی مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے وفد سے کہا کہ اسلامی بینکاری کے ذریعے نئی اور جدید مصنوعات متعارف کرا کے ان شعبوں میں شامل ہو سکتی ہے جنہیں لیکویڈیٹی مشکلات کا سامنا ہے۔