انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن انڈسٹری میں برآمدات ،روزگار پیدا کرنے کی بہت صلاحیت پائی جاتی ہے،ڈاکٹر عارف علوی

شعبہ کی ترقی کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں، صدر مملکت کی وفاقی وزیرخالد مقبول صدیقی سے گفتگو

جمعہ 28 ستمبر 2018 19:00

انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن انڈسٹری میں برآمدات ،روزگار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن انڈسٹری میں برآمدات اور روزگار پیدا کرنے کی بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے ،شعبہ کی ترقی کیلئے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ صدر مملکت نے یہ بات جمعہ کووفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن خالد مقبول صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدر نے اس بات پر زور دیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کا شعبہ ملک کی مستقبل کی ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اس کے مؤثر استعمال سے مختلف وزارتوں اور سرکاری محکموں کی ڈیجٹلائزیشن کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کے ڈھانچہ کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ میں تحقیق و ترقی کو ترجیح دی جانی چاہئے تاکہ آگے بڑھنے کے نئے راستے کھلیں۔ صدر مملکت نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے فروغ کیلئے وزارت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔