پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر

دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص سائنس و ٹیکنالوجی، کاروبار و مالیات اور معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

جمعہ 28 ستمبر 2018 21:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2018ء) پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور کویت کے وزیر تجات و صنعت خالد نصر عبداللہ نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ دو روزہ بات چیت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص سائنس و ٹیکنالوجی، کاروبار و مالیات اور معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے ہنرمند افرادی قوت سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا جو کویت کی ترقی و نمو میں کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس بات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا کہ دونوں ممالک کاروباری برادری اور لیبر فورس کی بلارکاوٹ آمد و رفت میں سہولت فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے تیل وگیس کی تلاش کے شعبوں میں کویت کے تجربہ سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

پاکستان کویت مشترکہ وزارتی کمیشن کا پانچواں اجلاس 2020ء میں کویت میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ قبل ازیں جمعرات کو ہونے والے ابتدائی اجلا میں ودنوں ممالک کے وفود کے سربراہان نے پاکستان اور کویت کے دوستانہ سیاسی و معاشی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور باہمی مفاد میں اقتصادی و تجارتی تعاون کو بڑھانے پر رضا مندی ظاہر کی۔ دریں اثناء کویت کے وفد نے وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔