Live Updates

شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین نہ بنانے کی وجہ سامنے آ گئی

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اسپیکر کو شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین نہ بنانے کی ہدایت کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 29 ستمبر 2018 12:12

شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین نہ بنانے کی وجہ سامنے آ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 ستمبر 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی سونپنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسپیکر کو ہدایت کی گئی ہے قائد حزب الاختلاف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سربراہ مقرر نہ کیا جائے۔

معتبر ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو انتخابی دھاندلی کے لیے بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی وزیراعظم عمران خان نے منظوری دے دی ۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر کو قائد حزب اختلاف شہباز شریف کوپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا نوٹی فکیشن وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیرون ملک دورے سے واپس آنے تک روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ جب وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمو د قریشی دورے سے واپس آئیں گے تو اس پر دوبارہ غور کیا جائے گا جس کے بعد حتمی فیصلہ کرکے نوٹی فکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی 24 رکنی ہو گی جس میں سینٹ کے 6 ممبر بھی شامل ہوں گے ۔ کمیٹی کے لیے سینٹ سے تاحال نام موصول نہیں ہوئے جبکہ قومی اسمبلی سے نام اسپیکر آفس کو موصول ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ قبل ازیں حکمران جماعت نے پارٹی ارکان کے تحفظات کے باوجود پبلک اکاونٹس کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن لیڈ ر شہبازشریف کو دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں اپوزیشن کو 16 اور حکومت کو 17 قائمہ کمیٹیوں،مسلم لیگ ن کو 9، پیپلز پارٹی 6اورمتحدہ مجلس عمل کو ایک قائمہ کمیٹی کی سربراہی دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

بعد ازاں مریم اورنگزیب نے تصدیق کی کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سربراہ شہباز شریف ہوں گے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں طے پایا کہ شہباز شریف تین ماہ تک پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سربراہ رہیں گے جس کے بعد ایاز صادق یا خواجہ آصف کو کمیٹی کا سربراہ بنا دیا جائے گا۔ تاہم اب حکمران جماعت نے فی الوقت مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سربراہ بنانے کا نوٹی فکیشن فی الوقت روک دیا ہے جس پر حتمی فیصلہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وطن واپسی کے بعد کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات