Live Updates

وزیرمملکت میاں حماد اظہرسے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے وفد سے ملاقات

عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کیلئے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ، وزیرمملکت

اتوار 30 ستمبر 2018 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2018ء) وزیرمملکت میاں حماد اظہر سے حاجی محمد ارشاد ڈوگررہنما پاکستان تحریک انصاف کی رہائش گاہ پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے وفد نے ملاقات کی جس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہور کے جنرل سیکرٹری مولانا علیم الدین شاکر، پیر رضوان نفیس، مولانا عبدالنعیم، مولانا عبدالعزیز، حافظ نصیر احمد، مولانا عبدالشکوراور محمد یاسین فاروقی شامل تھے۔

ملاقات میں وزیرمملکت برائے ریونیو میاں حماد اظہر نے حالیہ خبروں سے متعلق تمام تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ 19ستمبر کووہ سینیٹ میں منی بجٹ پر بحث کیلئے پہنچے ، بحث سے قبل ایوان میں اس دن کا ایجنڈا چلایا جارہا تھا اور ایجنڈے میں ایک آئٹم ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی کے وزیرخالد مقبول صدیقی کی طرف سے درج تھی جس کا عنوان prevention of electronic crimes act 2016 amendmentتھا اور اس ایجنڈا آئٹم کے ساتھ مندرجات یا تفصیل شامل نہیں تھی، جب یہ ایجنڈا آئٹم پیش کرنے کی باری آئی تو ایوان میں میرے یعنی میاں حماد اظہرکے علاوہ اورکوئی وزیر موجود نہیں تھا، اس لئے کہاگیا کہ ایوان میں اس کا عنوان پڑھ دیں، لیکن چند روز بعد معلوم ہوا کہ اس میں ایک شق ایسی بھی شامل تھی جس کے مطابق توہین رسالت کا الزام لگانے والا شخص اگراپنا الزام ثابت نہ کرسکا تو اس کو اسی ایکٹ کے تحت جو توہین رسالت کی سزا ہے وہ سزا دی جائیگی۔

(جاری ہے)

جس پر میںنے اورشبلی فرازنے قیادت کو فوری آگاہ کیا اور یہ بل فوری طور پر واپس لینے کی درخواست کی جو قیادت نے مان لی۔ وزیر مملکت میاں حماداظہر کی وضاحت پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے وفد نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ میاں حماد اظہر نے وفد کو اپنی اور قیادت کی طرف سے یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیاکہ عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کیلئے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے وفدکی طرف سے خالد مقبول صدیقی کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیاگیا جس پر میاں حماد اظہر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبے سے حکومت کو آگاہ کردیاجائیگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات