Live Updates

وزیراعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، علی نواز اعوان

اتوار 30 ستمبر 2018 21:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2018ء) حلقہ این اے 53 سے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے وفاقی حکومت اس پر پورا اترے گی، وزیراعظم عمران خان ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں چوہدری رحمت علی میموریل کونسل کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ اسلام آباد کی عوام مجھے ضمنی انتخابات میں این اے 53 سے بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد اپنے حلقے کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی خالی ہونے والی نشت پر مجھے نامزد کیا ہے جو میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور میں پارٹی قیادت کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ سپریم چوہدری اشرف گجر نے کہا کہ حلقے کے عوام علی نواز اعوان کو مایوس نہیں کریں گے اور کامیابی ان کا مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ تقریب سے چوہدری رحمت علی میموریل کونسل کے سربراہ چوہدری مشتاق نے بھی خطاب کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات