سعودی ولی عہد کا کویت میں والہانہ استقبال،

کویتی قیادت سے ملاقاتیں عالمی منڈی میں تیل قیمتیں مستحکم کرنے اور علاقائی مسائل کے حل میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا عزم

پیر 1 اکتوبر 2018 12:11

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2018ء) سعودی عرب کے ولی عہد ، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے ۔ کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کویتی ولی عہد الشیخ نواف الاحمد الجابر الصباح اور دیگر اعلیٰ حکام نے شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کے ساتھ آنے والے مہمانوں کا استقبال کیا۔

عرب ٹی وی کیی مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کویت کا یہ دورہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت اور امیر کویت شیخ صباح کی دعوت پر کررہے ہیں۔ وہ میزبان امیر کے علاوہ کویت کے دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کریں گے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ ، دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

امیر کویت سے ملاقات کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے، مشترکہ مسائل، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے ہم آہنگی پیدا کرنے اور علاقائی مسائل کے حل میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔کویتی قیادت سے ملاقات کے بعد سعودی ولی عہد واپس روانہ ہوگئے۔ انہوں نے امیر کویت کو ایک برقی پیغام بھی بھیجا ہے جس میں ان کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی اہمیت اور ان کی طرف سے ملاقات میں شاندان استقبال پران کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ سعودی ولی عہد نے کویت کی مزید ترقی، استحکام اور خوش حالی کی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔