Live Updates

رکن قومی اسمبلی عظمیٰ ریاض کی ایبٹ آباد میں برن یونٹ کے قیام کیلئے کوششوں کی یقین دہانی

پیر 1 اکتوبر 2018 12:54

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2018ء) رکن قومی اسمبلی عظمیٰ ریاض جدون نے ایبٹ آباد میں برن یونٹ کے قیام میں اپنی پوری توانائیاں صرف کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔پیرکو ابو ہریرہ برن یونٹ موومنٹ ممبران کے ساتھ اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران انہوں نے علاقہ میں صحت اور مواصلات کے مسائل پر خصوصی توجہ دیئے جانے کو از حد ضروری قرار دیتے ہوئے بتایا کہ (آج) سوموار سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں ایبٹ آباد میں ٹریفک مسائل اور این ایچ اے کردار سے متعلق ان کی تحریک پر ایجنڈا پہلے سے طے کیا جا چکا ہے جبکہ وہ برن یونٹ کا مسئلہ وزارت صحت، وزارت انسانی حقوق اور وزیراعظم عمران خان کے ساتھ باضابطہ ملاقاتوں کے دوران اٹھائیں گی۔

اس دوران موومنٹ ممبران نے انہیں ٹریفک مسائل کے دوران مریضوں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور 2 اگست کے روز گرم تیل سے جھلسنے والے 11 سالہ ابو ہریرہ اور اس کے خاندان کی مشکلات کے متعلق بھی انہیں بتایا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عظمیٰ ریاض کا کہنا تھا کہ عوام کی بلا امتیاز خدمت ان کی اولین ترجیح ہے، ابو ہریرہ برن یونٹ قیام کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش مسائل کے حل میں وہ اپنی پوری توانائیاں صرف کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑیں گی۔ ملاقات کرنے والے ممبران میں اجمل وحید، ادریس اعوان ایڈووکیٹ، سردار ساجد، غلام نبی، مدنی اعجاز جدون کے علاوہ شیخ خان افسر خان ایڈووکیٹ اور سماجی رہنما ہارون خان جدون بھی موجود تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات