افغانستان میں قیام امن سے پاکستان سمیت پورے خطے کا امن اور ترقی وابستہ ہے، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی افغان وفد سے ملاقات میں گفتگو

پیر 1 اکتوبر 2018 17:06

افغانستان میں قیام امن سے پاکستان سمیت پورے خطے کا امن اور ترقی وابستہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کے قیام کے ساتھ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا امن اور ترقی وابستہ ہے، وہ افغانستان کی افغان امن کونسل کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے، سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم بین الاقوامی امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔

ہماری حمایت کسی گروہ کے ساتھ نہیں بلکہ افغان قوم کے ساتھ ہے۔ افغان وفد کی قیادت مولوی عطا ء اللہ لودین نے کی اور اس کے ارکان میں مولوی عنایت اللہ ، عطا ء الرحمن سلیم ، مولوی عبدالحمید چکوئی ، مولوی محمد قاسم حلیمی و دیگر شامل تھے۔اس موقع پر افغان سفارتخانہ کے قائم مقام سفیر شمس اور ان کے معاونین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کی جانب سے سینیٹر سراج الحق کے ساتھ پروفیسر محمد ابراہیم خان ، میاں محمد اسلم ، شبیر احمد خان اور آصف لقمان قاضی شامل تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہر دور میں افغانستان کی آزادی ، استحکام ، امن اور خوشحالی کی حمایت کی ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امن کے قیام کے ساتھ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا امن اور ترقی وابستہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں جنگ صرف افغان قوم اور دین اسلام کے دشمنوں کو فائدہ پہنچا ئے گی ، اس لیے تمام افغان گروہوں کو امن کی خاطر مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے اور افغان مسئلے کا ایسا حل تلاش کرنا چاہیے جو تمام گروہوں کے نزدیک مبنی بر انصاف ہو اور افغان قوم کی امنگوں کے مطابق ہو۔

افغان قوم متحد ہو کر بیرونی قابضین کو ملک چھوڑنے پر مجبور کر سکتی ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن کے لیے افغان امن کونسل کی کاوشوں کو سراہا اور وفد کو جماعت اسلامی کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔