صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا راجہ فاروق حیدر کو ٹیلیفون ، خیریت دریافت کی

بھارتی فوج کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی شدید مذمت

پیر 1 اکتوبر 2018 18:06

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا راجہ فاروق حیدر کو ٹیلیفون ، خیریت دریافت ..
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔صدر پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی مذمت کی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔دوسری جانب آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ پر قومی قیادت کی جانب سے مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے بھارتی فوج کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوے اسے بھارتی فوج کا انتہائی بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف،مسلم لیگ ن کے چئیرمین راجہ ظفر الحق ،سابق سپیکر ایاز صادق،قومی اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ،سابق وزیر داخلہ رحمان ملک،سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خان،سابق وزیر امور کشمیر برجیس طاہر، سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار سکندر حیات خان ،سابق مشیر وزیراعظم پاکستانانجینئر امیر مقام،سابق گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا،قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری یسین،سابق وزیر اطلاعات آزادکشمیر سید بازل علی نقوی نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کو ٹیلی فون کیا ان کی خیریت دریافت کی۔

قومی رہنماؤں نے بھارتی فوج کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر کے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوے اسے بین الاقوامی ضابطوں اور قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا۔دریں اثناء مسلم لیگ ن کی سینئر رہنماء مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے بھی وزیراعظم آزادکشمیر کے ہیلی کاپٹر کو بھارتی فوج کی جانب سے نشانہ بنانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔