Live Updates

وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعے کیخلاف سمیت 3قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

حکومت ایل او سی کی بار بار خلاف ورزی ،ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کا معاملہ پر عالمی عدالت ،اقوام متحدہ کے سامنے پیش کرے‘قرار داد میں مطالبہ سانحہ ماڈل ٹائون کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،راولپنڈی کالج ہاسٹل میں طالبہ کی ہلاکت کی شفاف تحقیقات کی جائیں‘متن

پیر 1 اکتوبر 2018 18:37

وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2018ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعے کیخلاف سمیت 3قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں ۔ تحریک انصاف کی خاتون رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان ہر پاکستانی کی ترجمانی کرتے ہوئے 30ستمبر2018ء کو وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کی شدید اور بھرپور الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

بھارت کی طرف سے سرجیکل سٹرائیک کے دعوئوں کو اقوام عالم نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔بھارت اس حوالے سے تمسخر کا نشان بنا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج ایل او سی کی بار بار خلاف ورزی کی بزدلانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے جس کے نتیجے میں ہزاروں پاکستانی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کی بار بار خلاف ورزی کرنے اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کے معاملہ پر اپنا دوٹوک اور واضح موقف فی الفور عالمی عدالت اور اقوام متحدہ کے سامنے حتمی فیصلے کے لئے پیش کرے۔

تحریک انصاف کی عظمیٰ کاردار کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے لواحقین کو انصاف دلانے کے حوالے سے قرار داد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں معصوم اور نہتے شہریوں پر گولیاں برسائی گئیں ،شہداء کے لواحقین کو انصاف دلانے کی کوشش جاری رکھی جائیں۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے راولپنڈی کالج ہاسٹل میں طالبہ کی ہلاکت کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ طالبہ کی ہلاکت کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور اس میں جو بھی ملوث اس کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے قرارداد میں مزید موقف اختیار کیا راولپنڈی میں کالج ہاسٹل میں طالبہ کی ہلاکت تشویش کا باعث ہے۔

کالج انتظامیہ کی جانب سے طالبہ پر نشہ آور اشیاء کے استعمال کا الزام لگانا افسوسناک ہے۔ہاسٹل میں ایک ذہین طالبہ کی ہلاکت دیگر طالبات کیلئے پریشانی کا باعث بن چکا ہے۔جبکہ باقی طالبات کے والدین میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے ۔لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ذہین طالبہ کی ہلاکت کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں ۔ہاسٹل انتظامیہ اور ہاسٹل وارڈن سمیت تمام متعلقہ افراد کو شامل تفتیش کیا جائے اور جو بھی اس گھنوئونے واقعے میں ملوث ہو اس کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات