Live Updates

پاکستان نے سعودی عرب سے ادھار تیل لینے کیلئے باقاعدہ درخواست کردی

پاکستان کو سعودی عرب سے ہنگامی بنیادوں پر 3 سے 5 ارب ڈالرز تک کا ادھار تیل ملنے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 1 اکتوبر 2018 18:57

پاکستان نے سعودی عرب سے ادھار تیل لینے کیلئے باقاعدہ درخواست کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2018ء) پاکستان نے سعودی عرب سے ادھار تیل لینے کیلئے باقاعدہ درخواست کردی، پاکستان کو سعودی عرب سے ہنگامی بنیادوں پر 3 سے 5 ارب ڈالرز تک کا ادھار تیل ملنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے۔ سعودی عرب نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شمولیت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

سعودی عرب پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بنتے ہوئے پاکستان کے ساحلی شہر گوادر میں آئل سٹی کی تعمیر میں دلچسپی رکھتا ہے۔ چین نے بھی سعودی عرب کی سی پیک منصوبے میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں معاملات طے کرنے کیلئے سعودی عرب کا خصوصی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا۔ پاکستان آمد کے بعد سعودی وفد اور پاکستانی حکومت کے درمیان کئی معاملات طے پائے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی اس وقت ہنگامی ضرورت ادھار تیل کی فراہمی ہے۔ حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں سعودی عرب سے باقاعدہ درخواست بھی کر دی ہے۔ حکومت پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ 90 روز کیلئے ادھار تیل فراہم کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں سعودی عرب پاکستان کو مدد دینے کیلئے بھی تیار ہے۔ سعودی عرب سے پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پر 3 سے 5 ارب ڈالرز مالیت کے تیل کی فراہمی کے معاملات جلد طے پا جائیں گے۔ حکومت پاکستان زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے باعث سعودی عرب سے ادھار تیل لینے پر مجبور ہے۔ سعودی عرب سے ادھار تیل ملنے کی صورت میں حکومت پر فی الحال تجارتی خسارے کا بوجھ کسی حد تک کم ہو جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات