Live Updates

پاکستان ریلوے نے ایک ماہ کے عرصے میں مسافروں کے لیے 3نئی ٹرینیں چلائی ہیں،شیخ رشید احمد

تیسری ٹرین فیصل آباد نان سٹاپ کو صبح اپنے وقت پر رخصت کیا اور وہ ٹھیک دو گھنٹے میں فیصل آباد پہنچی ہے اس سے مسافروں کو بہت آسانی ہو گی،ہم اپنے مسافروں کو پانچ کروڑ سے سات کروڑ تک لے جائیں گے،وفاقی وزیر ریلوے

پیر 1 اکتوبر 2018 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2018ء) پاکستان ریلوے نے ایک ماہ کے عرصے میں مسافروں کے لیے 3نئی ٹرینیں چلائی ہیں۔ تیسری ٹرین فیصل آباد نان سٹاپ کو صبح اپنے وقت پر رخصت کیا اور وہ ٹھیک دو گھنٹے میں فیصل آباد پہنچی ہے۔ اس سے مسافروں کو بہت آسانی ہو گی۔ہم اپنے مسافروں کو پانچ کروڑ سے سات کروڑ تک لے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے میپل لیف کے سعید سیگل اور یحییٰ سیگل کے ساتھ 2021 تک کوئلے کی ترسیل کا معاہدہ کیاہے تین سالہ معاہدے کی رو سے ریلوے ماہانہ پچاس ہزار ٹن کوئلہ ترسیل کرے گا جس سے ریلوے کو سالانہ ایک ارب بیس کروڑ کی آمد ن متواقع ہے۔

(جاری ہے)

فریٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلویز نے کہا کہ فریٹ کی 8 سے 10 ٹرینوں کو ہم 12 ٹرینوں تک لے جائیں گے۔

وزیر ریلویز نے مزید کہا کہ میرا ٹارگٹ ہے کہ 100 دنوں میں 110 ٹرینیں چلائیں گے۔خوشحال خان خٹک ایکسپریس کے حادثے کے حوالے سے وزیر ریلویز نے اے۔ایم۔ای پشاور اور ڈپٹی سی۔ایم۔ای کیرج اینڈ ویگن کو انکوائری رپورٹ مکمل ہونے تک معطل کرتے ہوئے کہا کہ جو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ٹریک کی مینٹیننس کا خیال نہیں رکھے گااسے بھی معطل کردیا جائے گا اور ہر ڈی ایس اپنی ڈویژن کی حدود میں ٹریک کی حفاظت کاذمہ دار ہوگااور جو افسر اپنے فرائض میں غفلت برتے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

وزیر ریلویز نے واجبات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری وغیر سرکاری محکمے جن کے ذمہ ریلوے کے واجبات ہیں ان سے درخواست ہے کہ ایک ہفتے کے اند ر اندر اپنے واجبات ریلوے کو جمع کروا دیں۔ریلوے نے اربو ں روپے وصول کرنے ہیں اور ہمیں اس کی سخت ضرورت ہے۔انہوں نے موہنجوداڑو ایکسپریس کے ٹریک کی حالت فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ٹریک کی انسپکشن افسران کے ہمراہ میں خود کرو ں گا۔

وزیر ریلویز نے کہا کہ 16 اکتوبر سے روحی ایکسپریس اور موہنجوداڑو ایکسپریس چلانے جارہے ہیں جن کو ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے ٹرائل بیس پر ریلوے آپریٹ کرے گا۔ اس دوران ٹینڈر جاری کر کے یہ دونوں گاڑیاں پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کر دی جائیں گی اس کے ساتھ ساتھ تیز گام ٹرین کو اس کی پرانی شان وشوکت کے ساتھ بحال کیا جائے گا تاکہ ریلوے کو نقصان نہ ہو۔

وزیر ریلویز نے انڈر کیپسٹی ٹرینوں میں اکانومی کلاس کے کرایوں کو سٹڈی کرنے اور مسافروں کو مزید سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیںہیں۔ اس کے علاوہ کراچی، حیدرآبادشٹل ٹرین سروس کو سٹڈی کر نے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہاکہ دُھند کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے باہر سے آلات منگوا کر انجنوں پر لگائے جائیں جس سے دُھند کے موسم میں دور تک دیکھا جائے اس کے لیے وقت سے پہلے منصوبہ بندی کر رہے ہیں تاکہ وقت آنے پر زیادہ سے زیادہ مسافروں کواٹھا سکیں اور اس سلسلے میں اوور سیز پاکستانیوں کی بہت بڑی سپورٹ حاصل ہے۔

اسٹیشنوں کی برانڈنگ پر بات کرتے ہوئے وزیر ریلویزشیخ رشیداحمد نے کہا کہ اس حوالے سے فوری ٹینڈر کر کے پرائیویٹ کمپنیوں کو دعوت دیں گے تا کہ وہ اپنی پبلسٹی واشتہارات کے لیے ریلوے کی جگہ استعمال کریں اور ہر بڑے اسٹیشن کے ساتھ انڈسٹریل زون بنائے جائیں جس سے ریلوے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔ قلیوں نے چیئرمین ریلوے سے یونیفارم کی تبدیلی کی درخواست کی جس پر اُن کے پرانے یونیفارم کو بحال کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد آفتاب اکبر آرڈر جاری کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انجنوں کے 15 شیڈز میں موجود آئل ڈپوز کا سپیشل آڈٹ کیا جائے گااور آڈٹ رپورٹ میں جو لوگ کرپشن میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔آڈٹ کیے جانے والے ڈپوز میں پشاور، کندیاں، راولپنڈی، لالہ موسیٰ، لاہور، فیصل آباد، روہڑی، کراچی، میرپور خاص، کوٹری، کوئٹہ، سبی، ملتان، سمہ سٹہ اور خانیوال کے نام شامل ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا ہر شیڈ میں فیول اکانومی سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔کیونکہ تیل کی قیمت بڑھ گئی ہے اور ہم نے تیل کی بچت کرنی ہے۔وزیر ریلویز نے مزید کہا کہ جیسے ہی وزیراعظم کو مصروفیات سے وقت ملاتو ریلوے میں بڑے اہم فیصلے ہونے جارہے ہیں عمران خان ایک بڑے ہائی پروفائل میٹنگ کی صدارت کریں گے جس میں ریلوے سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات