پولیس نے منشا بم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ،تاحال کامیابی حاصل نہ ہو سکی

منشا بم کیخلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 80مقدمات درج ہونے کا انکشاف ،7میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل

پیر 1 اکتوبر 2018 23:21

پولیس نے منشا بم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ،تاحال کامیابی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2018ء) پولیس نے چیف جسٹس پاکستان کے احکامات کے بعد لینڈ مافیا کے سرغنہ منشاء علی کھوکھر عرف منشا بم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے تاہم تاحال گرفتاری عمل میں نہ آسکی ، منشا بم کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 80مقدمات درج ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اتوار کے روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شہر بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران لینڈ مافیا کے سرغنہ منشاء علی کھوکھر کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے ۔

پیر کے روز بھی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے منشا بم کی گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیا ۔جس کے بعد پولیس نے منشاء بم کی گرفتاری کے لئے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں تاہم ابھی تک پولیس کو کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق منشا بم کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 80مقدمات درج ہیں جن میں سے 7میں انسداد دہشت گردی کی دفعات بھی شامل ہیں ۔سب سے زیادہ مقدمات تھانہ ٹاون شپ میں درج ہوئے جن کی تعداد 28ہے ۔ اس کے علاوہ جوہر ٹاون میں منشا بم کے خلاف 24مقدمات ،تھانہ گرین ٹاون میں 2مقدمات درج ہیں جبکہ نولکھا میں2، رائیونڈ میں 2اورتھانہ کوٹ لکھپت میں 2مقدمات درج ہیں۔