Live Updates

گستاخانہ خاکوں کے مقابلے ہم نے ختم کروائے

بھارت نے بیان بازی سے گریز نہ کیا تو ہمارے ٹینک چلیں گے اور دہلی پر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ خادم حسین رضوی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 2 اکتوبر 2018 13:04

گستاخانہ خاکوں کے مقابلے ہم نے ختم کروائے
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اکتوبر 2018ء) : تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہالینڈ میں ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے ہم نے ختم کروائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں آ کر ایک ہفتے کے اندر سودی نظام ختم کر دیں گے اور عافیہ صدیقی کو امریکہ کی قید سے رہائی دلوا کر پاکستان لے آئیں گے۔ ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستر سال سے اس ملک کو سودی نظام پر چلایا جا رہا ہے اس وجہ سے ملک میں پانی کے بحران کا خدشہ ہے۔

خادم حسین رضوی نے بھارت کی دھمکیوں پر بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف بیان بازی سے گریز کرے ، ہمارا خالد ٹینک چلا تو دہلی پر پاکستان کا قومی پرچم لہرا کر واپس آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مودی اور بھارتی جنرل کو کشمیر کے ٹھنڈے ٹھار پانی میں غوطے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اور عوام پی پی حلقہ 222 کے ضمنی الیکشن میں تحریک لبیک کے اُمیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب کروائیں۔

موجودہ صدر عارف علیوی کراچی ہمارے دفتر ووٹ مانگنے آئے ، لوگ ایک ووٹ کے لیے سودے بازی کرتے ہیں لیکن ہماری جماعت نے کوئی سودے بازی نہیں کی۔ خادم رضوی کا کہنا تھا کہ جس کو حلف نامہ پڑھنا نہیں آتا وہ کون سا دین لائیں گے۔ عمران خان کو یہ بھی علم نہیں کہ ملک کیسے چلانا ہے، ڈیم چودہ سو ارب میں بنے گا اور ابھی صرف 10 ارب روپے اکٹھے ہوئے ہیں، اب حکومت بتائے کہ ڈیم کیسے بنے گا۔ خیال رہے کہ خادم حسین رضوی کا تعلق تحریک لبیک پاکستان سے ہے۔ ان کی جماعت کو مقبولیت فیض آباد دھرنے کے وقت حاصل ہوئی جس کے بعد تحریک لبیک پاکستان نے بھی عام انتخابات 2018ء میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات