پاکستانی مصنوعات کی گرتی ساکھ بحال اور مسابقتی سکت کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے،کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن

منگل 2 اکتوبر 2018 15:51

فیصل آباد۔2اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2018ء) آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ بجلی ، گیس و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ان پٹ کاسٹ میں کئی گنا اضافہ کاموجب ہوگا لہٰذا پاکستانی مصنوعات کی حریف ممالک کے مقابلہ میں گرتی ہوئی ساکھ بحال اور مسابقتی سکت کیلئے کسی قسم کے اضافے سے گریز کیا جائے ۔

میڈیاسے بات چیت کے دوران ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہاکہ بجلی ،گیس و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تجویز پر پاور لومز انڈسٹری میں سخت تشویش پائی جاتی ہے اس لئے حکومت اس تجویز پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے سابقہ سطح پر برقرار رکھے کیونکہ اس اقدام سے ملک میں مہنگائی کا سیلاب امڈ آئیگا اور غریب عوام سے لے کر کاروباری حلقے تک سبھی اس سے بری طرح متاثر ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستانی مصنوعات پہلے ہی حریف ممالک کے مقابلے میں بے تحاشہ پیداواری لاگت کی وجہ سے بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی مسابقتی سکت کھو چکی ہیںلہٰذا اگر بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا گیا تو اس کے نتیجہ میں ان پٹ کاسٹ میں کئی گنا اضافہ ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے نہ صرف عام آدمی متاثر بلکہ ملکی معیشت پر بھی اس کے برے اثرات مرتب ہو تے ہیں اور اس سے تمام شعبوں بشمول پیداواری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔

مزید برآں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ سے دوسرے تمام سیکٹرزپربھی منفی اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں ملکی معیشت شدید زبوں حالی کا شکار رہی اس لئے موجودہ حکومت سے عوام اور تاجر برادری بڑی امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ انٹر نیشنل مارکیٹ میں پٹرولیم کی قیمتوںکے اثر کو کم کرنے کیلئے حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتمادمیں لے تا کہ ملکی انڈسٹری اور عام آدمی اس سے متاثر نہ ہو۔