امریکا اور چین کے درمیان تعلقات خراب نہیں ہوں گے، جیمز میٹس

امریکاکو صرف اتنا سمجھنے کی ضرورت ہے چین کے ساتھ اپنے تعلق کو کس طرح چلانا ہے،گفتگو

منگل 2 اکتوبر 2018 16:00

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2018ء) امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہاہے کہ ان کے نزدیک امریکا کے چین کے ساتھ تعلقات میں بگاڑ نہیں آ رہا۔واضح رہے کہ بعض رپورٹوں کے مطابق رواں ماہ امریکی وزیر دفاع کا چین کا دورہ ممکنہ طور پر منسوخ ہو چکا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میٹس نے اپنے ہمراہ پیرس جانے والے صحافیوں کو بتایا کہ امریکا کو صرف اتنا سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس کمیونسٹ ریاست کے ساتھ اپنے تعلق کو کس طرح چلانا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پیر کو امریکی وزارت دفاع کے ذمّے داران نے بتایا تھا کہ میٹس نے بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے سبب اپنا چین کا مقررہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔امریکا اور چین کے درمیان تعلقات میں بگاڑ تجارت اور کسٹم محصولات کے حوالے سے اختلافات میں اضافے کے ساتھ آیا۔ امریکا کی جانب سے تائیوان کو عسکری ساز و سامان فروخت کرنے کے اعلان نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔ اس کے علاوہ واشنگٹن نے اپنی بحریہ کے بعض یونٹوں کو چین کے جنوبی سمندر کی جانب بھیج دیا۔ اس علاقے پر بیجنگ کا کنٹرول ہے تاہم اس حوالے سے چین کے اپنے ایشیائی پڑوسی ممالک کے ساتھ اختلافات ہیں۔