Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ

آئندہ ہفتے پانچ سے چھ وزراء اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے ، میڈیا رپورٹس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 2 اکتوبر 2018 16:09

وزیراعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اکتوبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ کر لیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔اس بار آٹھ رہنماؤں کو اہم قلمدان سونپنے کا امکان ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ میاں محمد سومرو کو راضی کر لیا گیا ہے جب کہ انہیں نجکاری کا قلمدان سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور علی امین گنڈا پور کو بھی وفاقی وزراء میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،قوی امکان ہے کہ انہیں وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان کا قلمدان دیا جائے گا۔

اعظم سواتی کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قلمدان دیا جائے گا۔اس کے علاوہ فیصل واوڈا اور زرتاج گل کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

زرتاج گل کو وزیر ماحولیات بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاہم فیصل واوڈا کی وزارت کا تا حال فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پانچ سے چھ وزراء آئندے ہفتے حلف اٹھائیں گے۔واضح رہے اس سے قبل بھی عمران خان کابینہ میں توسیع کر چکے ہیں۔

پہلے مرحلے میں 20 رکنی کابینہ کا اعلان کیا گیا تھا۔20 رکنی وفاقی کابینہ میں وزارت خارجہ کا قلمدان شاہ محمود قریشی، انسانی حقوق کی وزارت کا قلمدان شیریں مزاری کوسونپا گیا۔ جبکہ غلام سرور خان وزیر پٹرولیم، نورالحق قادری مذہبی امور، فروغ نسیم قانون و انصاف کے وزیر بنائے گئے۔ اسی طرح دفاعی پیداوار کیلئے زبیدہ جلال ، اطلاعات ونشریات کیلئےفواد چوہدری، وزارت ریلوے کا قلمدان شیخ رشید کوسونپا گیا۔

وزیراعظم نے وزارت دفاع پرویز خٹک کو سونپی ہے جبکہ طارق بشیر چیمہ ریاستی اور سرحدی امور،اسد عمروفاقی وزیرخزانہ بنائے گئے۔ اسی طرح شفقت محمودفیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ،خالد مقبول صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ،فہمیدہ مرزا وزیربین الصوبائی رابطہ اور عامر محمود کیانی وزیرصحت بنائے گئے۔اسی طرح وفاقی کابینہ میں 5مشیر بھی نامزد کردیے گئے۔ان میں ظہیرالدین بابراعوان مشیر پارلیمانی امور، امین اسلم مشیر ماحولیات،ڈاکٹر عشرت حسین کومشیر اصلاحات،عبدالرزاق داؤد کومشیر برائے اقتصادیات اورمحمد شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ کونامزد مقرر کیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات