ایل پی جی کی قیمتوں میں فی کلو ساڑھے 5روپے تک اضافہ پی ٹی آئی حکومت کے دعووں کی نفی ہے،محمد حسین محنتی

منگل 2 اکتوبر 2018 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امراء محمد حسین محنتی، پروفیسرنظام الدین میمن، عبدالغفار عمر، حافظ نصراللہ عزیز اور عظیم بلوچ نے بجلی، گیس، پیٹرول اور ٹول ٹیکس کے بعد اب ایل پی جی کی قیمتوں میں فی کلو ساڑھے 5روپے تک اضافہ کو پی ٹی آئی حکومت کے دعووں کی نفی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اب کھوکھلے نعروں اور نمائشی اقدامات نہیں بلکہ مہنگائی، کرپشن، بیروزگاری سمیت اپنے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں، انہوں نے آج ایک مشترکہ بیان میں آٹا، گھی، تیل، صابن سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 25فیصد تک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے قوم کو مہنگائی، کرپشن اور قرضوں سے نجات دلانے کی نوید سنائی تھی مگر موجودہ حکومت نے اپنے اعلانیہ سو دنوں میں سے ایک ماہ کے اندر مہنگائی کم کرکے عوام کو ریلف دینے کی بجائے، پیٹرول،گیس، بجلی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے،20گریڈ کے افسر کا قطرکے مہمان وفد کے بٹوے کی چوری کا واقعہ اور آئی ایم ایف جائزہ وفد کا خفیہ دورہ قوم کو مزید عالمی مالیاتی اداروں کے شکنجے میں جکڑنے کی تیاریوں نے نئے پاکستان کے دعویدار حکمرانوں کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔

(جاری ہے)

اعلانیہ ایک سودنوںکے ابتدا میں ہی مہنگائی کی بمباری کرکے عوام کی چیخیں نکال دی گئی ہیں تو پھر آگے کیا ہوگا،کہا جارہاہے کہ ضمنی انتخابات کے بعدحکومت آئی ایم ایف کی فرمائش پوری کرنے کے لیے عوام پر مہنگائی کے مزید بم گرائے گی،جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے زور دیا کہ حکومت مہنگائی کے جن کو بوتل میں بندکرنے، آئی ایم ایف کی فرمائش پوری کرنے کی بجائے قومی مفاد،کرپشن کے خاتمے اور عوام کی حالت زارپررحم کرتے ہوئے ان کو ریلف دینے کیلئے قوم سے کئے گئے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرے۔