Live Updates

لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئے آئی ایس آئی چیف کیلئے 5 نام سامنے آگئے

ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے کے لیے لیفٹیننٹ جنرلز میں ندیم زکی منج، عاصم منیر، وسیم اشرف، عبدالعزیز اور محمد عدنان کے نام زیر غور ہیں

muhammad ali محمد علی منگل 2 اکتوبر 2018 19:45

لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئے آئی ایس آئی چیف کیلئے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اکتوبر 2018ء) لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئے آئی ایس آئی چیف کیلئے 5 نام سامنے آگئے، ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے کے لیے لیفٹیننٹ جنرلز میں ندیم زکی منج، عاصم منیر، وسیم اشرف، عبدالعزیز اور محمد عدنان کے نام زیر غور ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئے آئی ایس آئی چیف کیلئے 5 نام سامنے آگئے ہیں۔

آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار رواں ماہ ریٹائر ہو رہے ہیں۔ جبکہ دیگر 4 لیفٹیننٹ جنرلز بھی رواں ماہ ریٹائر ہو رہے ہیں۔ پیر کو فوجی ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ان سمیت پانچ لیفٹیننٹ جنرلز کو الوداع کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان افسران کی ریٹائرمنٹ سے خالی ہونے والے عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے لیے گذشتہ ہفتے ہی فوج کے چھ میجر جنرلز کو ترقی دی گئی تھی۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سے گذشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سبکدوش ہونے والی ڈی جی آئی ایس آئی نے ملاقات کی تھی جس میں ادارے کے نئے سربراہ کی تقرری سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے کے لیے زیر غور لیفٹیننٹ جنرلز میں ندیم زکی منج، عاصم منیر، وسیم اشرف، عبدالعزیز اور محمد عدنان شامل ہیں۔

فرنٹیئر فورس رجمنٹ کے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر موجودہ ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلیجنس (ایم آئی) ہیں اور اس سے پہلے انھوں نے سیاچن میں ڈویژن کمانڈ کی ہے۔ وہ آپریشنل ایریا میں بریگیڈ کی کمان سنبھال چکے ہیں۔ عاصم منیر پاکستان ملٹری اکیڈمی یعنی پی ایم اے کے فارغ التحصیل نہیں بلکہ انھوں نے آفیسرز ٹریننگ سکول سے فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔

پی ایم اے کے 75ویں لانگ کورس کے لیفٹیننٹ جنرل ندیم زکی منج کا تعلق فوج کی آرمرڈ کور سے ہے، وہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دور میں ملٹری انٹیلی ایجنس کے سربراہ رہے ہیں۔ انھوں نے بلوچستان میں ایک ڈویژن، جبکہ آپریشنل علاقوں میں بریگیڈ کمانڈ کی ہے۔ تیسرا نام لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کا ہے جو اس وقت آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا کے عہدے پر تعینات ہیں۔

وسیم اشرف آئی ایس آئی میں بھی تعینات رہے ہیں۔ وہ 76ویں لونگ کورس سے پاس آؤٹ ہوئے اور ان کا تعلق فرنٹیئر فورس رجمنٹ سے ہے۔ ان کے بھائی لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف اس وقت کور کمانڈر ملتان تعینات ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز کا تعلق آرٹلری سے ہے اور اس وقت آئی ایس آئی میں تعینات ہیں۔ ستمبر 2013 میں جب ان کے پاس بریگیڈ کی کمان تھی، وہ اس حملے میں بال بال بچے جس میں میجر جنرل ثنااللہ ہلاک ہوئے تھے۔

76ویں ونگ کورس کے ہی لیفٹیننٹ جنرل محمد عدنان نے اپنے کورس میں اعزازی شمشیر حاصل کی، وہ سابق صدر آصف علی زرداری کے ملٹری سیکرٹری رہے جبکہ سابق فوجی صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے اسسٹنٹ ملٹری سیکرٹری بھی رہے۔ تاہم وہ کیرئیر کے دوران اب تک فوجی انٹیلی جنس میں کسی بھی عہدے پر تعینات نہیں رہے۔ اب تک صرف جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی وہ واحد فوجی سربراہ ہیں جنھوں نے آئی ایس آئی کی کمان بھی کی ہو۔ واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیر عظم کی صوابدید ہے اور ادارہ بھی قانون کے تحت وزیر اعظم کے ماتحت ہے۔ اس طرح ڈی جی آئی ایس آئی وزیر اعظم اور فوجی سربراہ دونوں کو ہی جوابدہ ہوتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات