راولپنڈی ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا لواحقین کی جانب سے ڈاکٹروں پرمبینہ تشدد کی مسلسل پرکاروائیوں کے سبب رینجرز تعینات کرنے کا مطالبہ

ہولی فیملی ہسپتال میں مسلسل مبینہ تشدد کی کاروائیو ں میں پولیس و ہسپتال انتظامیہ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ہسپتالوں کی انتظامیہ کو معطل کر کے انکی جگہ آرمی سے ریٹائرڈ افسران کی تعیناتی کامطالبہ

منگل 2 اکتوبر 2018 22:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2018ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن(وائی ڈی ای) نے ہولی فیملی ہسپتال میں لواحقین کی جانب سے ڈاکٹروں پرمبینہ تشدد کی مسلسل پرکاروائیوں کا سدباب اور سکیورٹی کیلئے رینجرز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور پولیس و ہسپتال انتظامیہ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ہسپتالوں کی انتظامیہ کو معطل کر کے انکی جگہ آرمی سے ریٹائرڈ افسران کی تعیناتی کامطالبہ کرنے کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کو آج (بروز بدھ) صبح تک مہلت دیتے ہوئے ہڑتال کا دائرہ شہر کے تینوں سرکاری ہسپتالوں میں بڑھانے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے اس بات کا اعلان وائی ڈی اے پنجاب کے چیئرمین ڈاکٹر حیدر اختر، ہولی فیملی ہسپتال کے ڈاکٹر اشفاق نیازی، ڈاکٹر شعیب تارڑ، ڈاکٹر اسامہ، ڈاکٹر شہریار، بے نظیر بھٹو جنرل ہسپتال کے ڈاکٹر رانا عظیم، ڈی ایچ کیو ہسپتال کے صدر ڈاکٹر شاہد و دیگر نے گزشتہ شام ہولی فیملی ہسپتال میں پریس کانفرنس کے دوران کیاانہوں نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران لواحقین کی جانب سے ڈاکٹروں پر تشدد کا پانچواں واقعہ ہے، جبکہ دیگر ہسپتالوں میں بھی پرتشدد کاروائیوں کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹروں و عملے کی سکیورٹی کیلئے تاحال موثر انتظامات نہیں کئے جاسکے ہیںپولیس کی جانب سے بھی ایسے واقعات پر سردمہری کا مظاہرہ عام ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہسپتالوں کی فوری طور سکیورٹی کے انتظامات پولیس کے بجائے رینجرز کے سپرد کر دئیے جائیں، جبکہ نااہل ہسپتال انتظامیہ کو فی الفور معطل کر کے انکی جگہ آرمی کے ہسپتالوں سے ریٹائرڈ افسران کو تعینات کیا جائے انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو آج صبح تک کی مہلت دیتے ہوئے الٹی میٹم دیا کہ اگر انہوں نے وائی ڈے اے کے عہدیداروں سے رابطہ نہ کیا اور انکے تحفظات دور نہ کئے تو پھر آج سے ہولی فیملی ہسپتال سمیت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی و او پی ڈی میں ہڑتال پر مجبور ہوجائیں گے ادھر ہولی فیملی ہسپتال میں لواحقین کی جانب سے ڈاکٹروں پر تشدد کاروائی کے بعد گزشتہ روز ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن کی جانب سے شعبہ ایمرجنسی میں مکمل ہڑتال کی گئی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی پیش رفت نہ ہونے پر دن 11 بجے کے بعد او پی ڈی میں بھی ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کردی،جس کی وجہ سے راولپنڈی سمیت ملحقہ علاقوں سے آنے والے مر و خواتین و بزرگ مریضوں کو علاج معالجہ میں شدید مشکلات پیش آئیںشعبہ ایمرجنسی اور او پی ڈی میں علاج معالجہ کیلئے آئے 3 ہزار سے زائد مریضوں کو بنا علاج ہی مایوس لوٹنا پڑگیا ہسپتال انتظامیہ نے ہڑتال کے باعث پیداہونے والی کمی کے ازالہ کیلئے سینئر ڈاکٹروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں لیکن سینئر ڈاکٹروں کی اکثریت بھی ہڑتال کا سن کر ہسپتال سے غائب تھی۔