آفتاب شیرپائو کا انڈونیشیاء میں زلزلہ وسونامی کی بدولت جانی ومالی نقصانات پراظہارافسوس

منگل 2 اکتوبر 2018 22:55

آفتاب شیرپائو کا انڈونیشیاء میں زلزلہ وسونامی کی بدولت جانی ومالی ..
پشاور۔02 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے انڈونیشیاء کے جزیرے سولاویسی اور شہر پالو میں شدید نوعیت کے زلزلہ اور سونامی کی بدولت ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے انڈونیشین بھائیوں کی امداد کیلئے خوراک،ضروری اشیائے زندگی اور امدادی ٹیمیں بھجوانے کا فوری بندوبست کرے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ انڈونیشیاء میں آنے والا زلزلہ اور سونامی بہت بڑا سانحہ ہے اور اس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ مساجد اور قیمتی املاک کوبھی شدید نقصان پہنچاہے۔ انھوں نے کہا کہ انڈونیشیا میں سینکڑوں افراد کی اموات پر قومی وطن پارٹی کے تمام کارکنوں کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں ۔انھوں نے کہا کہ انڈونیشیا کے متاثرین ایک انتہائی المناک گھڑی سے گزر رہے ہیں اور ان کو خوراک،ادویات اوردیگر اشیا کی ضرورت ہے اوراس سلسلے میں حکومت پاکستان سمیت عالمی برادری آگے بڑھ کر انسانی ہمدردی کے تحت انڈونیشن عوام کی دکھوں کا مداوا کرے۔