بھارتی ہٹ دھرمی برقرار،آئی سی سی کے سامنے بھی پاکستان سے کھیلنے سے انکار

فی الحال پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز ممکن نہیں:بھارتی کرکٹ بورڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 3 اکتوبر 2018 13:08

بھارتی ہٹ دھرمی برقرار،آئی سی سی کے سامنے بھی پاکستان سے کھیلنے سے ..
دبئی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر 2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی کی دوسرے دن کی سماعت مکمل ہوگئی، بھارت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے حالات ٹھیک نہیں لہٰذا بھارتی ٹیم وہاں نہیں جاسکتی، پاکستان میں 10 سال سے کوئی ٹیم نہیں آرہی ہے۔دبئی میں آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی کی سماعت دوسرے روز بھی ہوئی، بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے رتناکر شیٹھی ،بی سی سی آئی کے سابق سیکریٹری سنجے پٹیل نے موقف پیش کیا،بی سی سی آئی نے اپنے ”ٹرمپ کارڈ“ کے طور پر سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید کوپیش کیا، دیگر مصروفیات کی وجہ سے ان کا بیان سب سے پہلے ریکارڈ کیا گیا۔

سلمان خورشید نے کمیٹی کو بتایا کہ ممبئی حملوں کے بعد بھارتی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنے سے کیوں گریز کیا،2014ءمیں سونیا گاندھی کی سربراہی میں قائم اتحاد کی حکومت میں وزیر خارجہ نے بتایا کہ پڑوسی ملک میں کھیلنے کے سکیورٹی خدشات پر ہم نے دنیا کی مختلف انٹیلی جنس ایجنسیز سے رابطہ کیا،دہشت گردوں کے متعدد حملوں کو دیکھتے ہوئے اس وقت ٹیم کو بھجوانا ممکن نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے یہ موقف بھی دہرایا کہ جب تک بھارت میں سرحد پار سے دہشت گردی ختم نہیں ہوتی باہمی کرکٹ سیریز ممکن نہیں، پی سی بی کے سارے کیس کی بنیاد سابق سیکریٹری بی سی سی آئی سنجے پٹیل کی جانب سے ہونے والی ایک صفحے کی ای میل ہے،ایک تو یہ ایم او یو نہیں لہذاکوئی قانونی حیثیت نہیں، دوسرے سنجے پٹیل نے بگ تھری کی حمایت کا تقاضا کیا تھا، پی سی بی نے اس کیخلاف ووٹ دیا۔

پاکستان سے دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بہانے بازی جاری ہے، بھارت نے موقف پیش کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہیں جاسکتی ،وہاں حالات ٹھیک نہیں،ان کا کہنا تھا کہ پاکستا ن میں 10 سال سے کوئی ٹیم میچز کھیلنے نہیں گئی، پاکستان کو بھارت میں مدعو نہیں کرسکتے کیونکہ پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، اسی لیے ایشیاءکپ دبئی میں کرایا۔

بھارتی حکام نے کہا کہ فی الحال پاکستان کے ساتھ سیریز ممکن نہیں۔ ذرائع کے مطابق سماعت کے تیسرے روز کے پہلے سیشن میں بھی بھارتی حکام اپنا موقف پیش کریں گے۔پاکستان سے طے شدہ سیریز کھیلنے سے انکار پر بھارت کےخلاف آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں قانونی جنگ جاری ہے جس میں گزشتہ روز سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بطور گواہ پیش ہوئے۔دونوں ممالک کے تنازع کو سننے والا پینل مائیکل بیلوف اور جان پالسن انابیلے بینٹ پر مشتمل ہے۔

پی سی بی کی جانب سے ہائیکورٹ کے ایڈووکیٹ خواجہ احمد حسین، لندن کے وکیل الیگزینڈروز پینادیز، پی سی بی کے جی ایم لیگل افیئر سلمان نصیر اور وکیل ابراہیم حسین نمائندگی کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 2014 ءمیں ہونےوالے معاہدے کے تحت پاکستان اور بھارت کو 2015ءسے 2023 ءکے دوران 6 دوطرفہ سیریز کھیلنا تھیں تاہم بھارت بعدازاں معاہدے سے مکر گیا۔پی سی بی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت 70 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرے۔