ایل پی جی پربے جا ٹیکسوں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو سردیوں میں ایل پی جی کا بہت بڑا بحران پیدا ہو سکتا ہے ‘عرفان کھوکھر

ٹیکسوں کے خاتمے سے حکومتی خزانے میں اربوں کا اضافہ ہو گا ، پاکستان کی غریب عوام کو سستی گیس بھی میسر رہے گی‘چیئرمین ایل پی جی ڈسٹر ی بیوٹرز ایسوسی ایشن

بدھ 3 اکتوبر 2018 19:10

ایل پی جی پربے جا ٹیکسوں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو سردیوں میں ایل پی جی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2018ء) چیئرمین پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھرنے کہاکہ ایل پی جی انڈسٹری بدحالی کا شکارہے اور حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں،15 دن گزرنے کے باوجود ایل پی جی پر ٹیکس کم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا،18 ستمبر 2018 کو وزیر پٹرولیم اور وزیر داخلہ کے 200روپے سستے گھریلو سلنڈر کے وعدے ابھی تک وفا ہوتے دکھائی نہ دے رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ اگر ایل پی جی پربے جا ٹیکسوں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو قیمتیں آسمانوں سے باتیں کریں گی اور سرویوں میں ایل پی جی کا بہت بڑا بحران پیدا ہو سکتا ہے اور قیمت 250 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر جائے گی اور گریلو سلنڈر 3000 روپے اور کمرشل سلنڈر 12000روپے تک پہنچ جائے گا۔

(جاری ہے)

ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا حکومت کو 20 دن کا الٹی میٹ دے دیا مطالبا ت نہ مانے جانے پر 25 اکتوبر 2018 سے ملک بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال اور مظاہروں کا اعلان کر دیا ۔

عرفان کھوکھر نے حکومت وقت سے مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی پر ٹیکس کم کرنے کا نوٹیفکیشن جلد از جلد جاری کیا جائے اور ایل پی جی کے کاروبار میں سے پولیس کی ڈائریکٹ مداخلت ختم کی جائے اور گوجرانوالہ میں موجود 400 سے زائد غیر میعاری سلنڈر بنانے والے کارخانوں کے خلاف جلد از جلد آپریشن شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے خاتمے سے حکومتی خزانے میں اربوں کا اضافہ ہو گا اور پاکستان کی غریب عوام کو سستی گیس بھی میسر رہے گی۔