Live Updates

وزیرپٹرولیم کا سعودی عرب سے ادھار تیل لینے پر یوٹرن

ادھارتیل لینا پہلے بس ہمارا خیال تھا، ادھار تیل لینے کی بات زیربحث نہیں آئی، وزیرپٹرولیم نے گزشتہ روزکہا تھا 5 سال تاخیری ادائیگیوں پرتیل ادھارلینا ہماری حکمت عملی ہے، وزیرپٹرولیم غلام سرور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 3 اکتوبر 2018 19:22

وزیرپٹرولیم کا سعودی عرب سے ادھار تیل لینے پر یوٹرن

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 اکتوبر 2018ء) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ ادھار تیل لینے کی بات زیربحث نہیں آئی، ادھارتیل لینا پہلے بس ہمارا خیال تھا، وزیرپٹرولیم نے گزشتہ روزکہا تھا کہ 5 سال تاخیری ادائیگیوں پرتیل ادھارلینا ہماری حکمت عملی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے سعودی عرب سے ادھارتیل لینے کے معاملے پر اپنے بیان میں کہا کہ 5 سال کیلئے تیل لینے کی بات زیربحث آئی ہی نہیں۔

میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ ادھارتیل لینا پہلے ہمارا خیال تھا۔ دوسرا خیال آیا کہ اس پربات نہیں کرنی چاہیے۔ واضح رہے وفاقی وزیرپٹرولیم نے گزشتہ روز بیان میں ادھارتیل لینے کا انکشاف کیا تھا۔ وزیرپٹرولیم نے کہا تھا کہ 5 سال تاخیری ادائیگیوں پرتیل ادھارلینا ہماری حکمت عملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کیساتھ آئل ریفائنری پرایم اویوکل کابینہ میں پیش کیا جا رہا ہے۔

سعودی توانائی کے وزیرجلد ایم او یو پر دستخط کرنے پاکستان آئیں گے۔ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان لائن آف ڈائریکشن طے ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی عرب آئل ریفائنری کے معاملے پراکتوبرمیں دستخط ہونے کا امکان ہے۔ سعودی عرب کیساتھ ساؤتھ، نارتھ گیس پائپ لائن میں سرمایہ کاری پربھی بات ہوئی ہے۔ سعودی عرب کوتیل وگیس کی تلاش کیلئے10 بلاکس میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

غلام سرور نے کہا کہ سعودی حکام بہت سنجیدہ ہیں۔ سعودی عرب والے کام اورصرف کام چاہتے ہیں۔ واضح رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بعد وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بیان دیا تھا کہ سعودی عرب سے 10ارب ڈالر کی سرمایہ کا معاہدہ ہوا۔ تاہم بعدازاں یہ معاہدہ محض الفاظی کی حد تک سامنے آیا۔ حکومتی وزراء کی جانب سے پہلے کرو پھر یوٹرن لینا کی پالیسی برقرار ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات