Live Updates

وزیراعظم نے کراچی پیکیج پر فوری عمل درآمد کرانے کی ہدایت دی ہے، امیر بخش بھٹو

تنظیم نو کرکے ضمنی اور بلدیاتی الیکشن کے لئے پارٹی کو مزید فعال بنائیں گے، لیاقت جتوئی سے کوئی اختلافات نہیں، کراچی ایئرپورٹ پر گفتگو

بدھ 3 اکتوبر 2018 20:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کراچی پیکیج پر فوری عمل درآمد کرانے کی ہدایت دی ہے، تنظیم نو کرکے ضمنی اور بلدیاتی الیکشن کے لئے پارٹی کو مزید فعال بنائیں گے، لیاقت جتوئی سے کوئی اختلافات نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کے بعد بدھ کو واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

امیر بخش بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے سندھ کے مسائل پر بات ہوئی ہے جس پر عمران خان نے فوری طور پر کراچی پیکیج پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت دی اور کہا کہ ماضی کے حکمران جیلوں میں بھی بیٹھ کر پیسہ بناتے رہے مگر پاکستان تحریک ا نصاف کراچی کو سندھ کا حصہ مانتی ہے اور کراچی پیکیج پر عمل درآمد کے لئے فوری اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں امیر بخش بھٹو نے کہا کہ لیاقت جتوئی سے کوئی اختلاف نہیں ہیں، افواہیں بہت جلد دم توڑ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت کے مطابق جلد تنظیم نو کرکے ضمنی اور بلدیاتی الیکشن کے لئے پارٹی کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنمائوں عبدالرزاق باجوہ، طاہر ملک، انور گجر، ایوب شر، ڈاکٹر شہتو کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے امیر بخش بھٹو کا استقبال کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات