Live Updates

ڈاکٹر فاروق ستار پر 31 سال پرانے مقدمے اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کے مقدمے میں فردِ جرم عائد

بدھ 3 اکتوبر 2018 22:31

ڈاکٹر فاروق ستار پر 31 سال پرانے مقدمے اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2018ء) کراچی کی مقامی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار پر 31 سال پرانے ایک مقدمے اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے کے مقدمے میں فردِ جرم عائد کردی۔جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی ی عدالت میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے خلاف لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران ڈاکٹر فارق ستار عدالت میں پیش ہوئے، تاہم وکلا کے دلائل سننے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے ان پر فردِ جرم عائد کی، تاہم ایم کیو ایم رہنما نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔بعدِ ازاں عدالت نے لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے ایک اور مقدمے میں ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر افراد پر فرد جرم عائد کردی، تاہم اس میں بھی ایم کیو ایم رہنما نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس سے جڑے گواہان کو طلب کرتے ہوئے دونوں مقدمات کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار پر لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی و دیگر الزامات کے تحت 2 مقدمات درج ہیں، جبکہ ان مقدمات میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی و دیگر کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ 27 نومبر 2015 کو کراچی کی پولیس نے بغیر اجازت ریلی اور جلسہ کرنے پر ایم کیو ایم کے 10 رہنماؤں کے خلاف تھانہ سولجر بازار میں سرکار کی مدعیت میں درج کیا تھا۔

عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیرِ خزانہ اسد عمر کی توجہ اس جانب دلوانا چاہتا ہوں کہ ملک میں بجلی، گیس کی قیمتوں میں کمی اور سیلز ٹیکس میں کمی ہوگی تو عوام کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدای (سی پیک) ایک گیم چینجر ہے، اس میں رکاوٹیں آنے لگی ہیں، اور موجود حکومت اس معاملے میں سنجیدگی نہیں دکھا رہی۔

فاروق ستار نے بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی بھی شہر کے لیے ضروری ہے اسی لیے ہم نے بات کرکے اسے سی پیک میں شامل کروایا ہے۔اس معاملے میں جاپان کی شراکت داری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جاپان کے ساتھ سندھ حکومت نے کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق سنجیدگی نہیں دکھائی جس کے بعد وہ بھی اس کی بحالی سے پیچھے ہٹ گیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ہم ہر جگہ عوام کے مسائل کی نشاندہی کرتے رہتے ہیں۔فاروق ستار نے میڈیا نمائندوں کو اپنے کیس سے متعلق بتایا کہ ان کی 2 عدالتوں میں پیشی تھی جس میں ایک کیس 2015 کا لاؤڈ اسپیکر کا تھا اور ایک کیس 1986 کا ہے جس کا ریکارڈ پولیس کے پاس بھی موجود نہیں ہے، تاہم ہم نے دونوں کیسز میں الزامات مسترد کردیے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات