سانحہ 12 مئی ،ْسندھ ہائیکورٹ نے جے آئی ٹی کیلئے نگران جج تعینات کردیا

عدالت نے اپنے فیصلے میں سانحہ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا تھا

جمعرات 4 اکتوبر 2018 13:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2018ء) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کے لیے تشکیل جے آئی ٹی کیلئے نگران جج تعینات کردیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے سانحہ 12 مئی 2007 کے کیس کا محفوظ فیصلہ 11 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں سنایا جس میں عدالت نے سانحہ کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنانے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت نے عدالتی حکم پر 28 ستمبر کو جے آئی ٹی تشکیل دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جس کا سربراہ کراچی پولیس چیف امیر شیخ کو مقرر کیا گیا ہے۔سندھ ہائیکورٹ نے بھی جے آئی ٹی کی نگرانی کے لیے جسٹس صلاح الدین پنہور کو نگران جج تعینات کردیا ہے۔سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کلاس کیے گئے کیسز کی وجوہات اور دیگر کیسز کا پتا لگائے گی اور ہر 15 روز بعد نگران جج کو پیش رفت سے آگاہ کرے گی۔12 مئی 2007 کو وکلاء تحریک اپنے عروج پر تھی اور اٴْس وقت کے معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سندھ ہائی کورٹ کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر کراچی آرہے تھے کہ اس موقع پر شہر کو خون سے نہلا دیا گیا۔