سابق سفیر حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 5 اکتوبر 2018 13:14

سابق سفیر حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 اکتوبر 2018ء) : عدالت نے اشتہاری ملزم  اور سابق سفیر حسین حقانی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ دائمی وارنٹ گرفتاری ایف آئی اے کی رپورٹ پر جاری کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل ارم نیازی نے حسیں حقانی کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں ایف آئی اے نے کہا کہ حسین حقانی نے سفارتخانے کے 2 ملین ڈالر فنڈز میں خورد برد کی۔

حسین حقانی جان بوجھ کر روپوش ہوچکا ہے۔ حسین حقانی کے کراچی میں گھر پر اشتہار چسپاں کیا گیا۔ جس پر عدالت نے حسین حقانی کی گرفتاری کے دائمی وارنٹ جاری کرتے ہوئے فائل داخل دفتر کر دی۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے مارچ 2018ء میں حسین حقانی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

(جاری ہے)

فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ریاست کی جانب سے امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کروائی۔

پولیس اسٹیشن ایف آئی اے اسلام آباد سرکل میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جس میں کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ اینٹی کرپشن سرکل نے انکوائری کے بعد درج کیا۔ یاد رہے کہ 15 فروری 2018 کو سپریم کورٹ میں میموگیٹ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سابق سفیر حسین حقانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔