Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا ہائوسنگ ٹاسک فورس کی طرف سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار

کم آمدنی والے طبقات کو 50 لاکھ گھروں کی فراہمی اور کچی آبادیوں کو باقاعدہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ْ اجلاس سے خطاب

جمعہ 5 اکتوبر 2018 22:18

وزیراعظم عمران خان کا ہائوسنگ ٹاسک فورس کی طرف سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے ہائوسنگ ٹاسک فورس کی طرف سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم آمدنی والے طبقات کو 50 لاکھ گھروں کی فراہمی اور کچی آبادیوں کو باقاعدہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وہ جمعہ کو وزیراعظم آفس میں ’’5 ملین ہائوسنگ پراجیکٹ‘‘ کے بارے میں اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود، پنجاب کے وزیر ہائوسنگ محمود الرشید، سینئر وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران منصوبے کے آغاز کے طریقہ ہائے کار، عملدرآمد کے لئے قانونی ڈھانچے اور سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لئے ون ونڈو سہولت کے طور پر ایک اعلیٰ ادارہ قائم کرنے کے بارے میں غور و خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران مختلف مالیاتی ماڈلز پر بھی بحث ہوئی جن کی نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے اور اس کے ساتھ ساتھ کم آمدنی والے طبقات کے لئے ارزاں گھروں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے پیروی کی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے کے علاوہ رہائشی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے سے روزگار کے مواقع اور تعمیرات و ہائوسنگ کے متعلقہ شعبوں کے فروغ کے ذریعے اقتصادی سرگرمیوں میں کئی گنا اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو اس اقدام کے آغاز کے لئے طریقہ ہائے کار کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات