سندھ میں پانچ نشستوں پر ضمنی انتخابات 14اور21اکتوبر کو منعقد ہوںگے

کراچی میں چار اور خیر پور میں ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہوں گے ۔صوبائی الیکشن کمشنر کی چیف سیکریٹری کو بریفنگ

جمعہ 5 اکتوبر 2018 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2018ء) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت جمعہ کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خٹک نے سندھ میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں بریفنگ دی سندھ میں کراچی کی 4نشستوں پر اور خیر پور میں ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہوں گے کراچی میں این اے 243کراچی شرقی دو، پی ایس 87ملیر ون، اور پی ایس 30خیر پور فایئو، کی خالی نشستوں کے لئے ضمنی انتخابات 14اکتوبر کو اور این ای247کراچی سائوتھ دو، اور پی ایس111کراچی سائوتھ فائیو، کے ضمنی انتخابات 21اکتوبر 2018کو منعقد ہوں گے پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی کیمرے نصب کئے جائیں گے چیف سیکریٹری نے متعلقہ محکموں ،کمشنر کراچی ،کمشنر سکھر اور سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ باہمی اشتراک سے صوبوئی الیکشن کمیشن کے ساتھ بھر پور تعاون اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے ۔

(جاری ہے)

سید ممتاز علی شاہ نے صوبائی محکمہ صحت کو انتخابات کے حوالے سے علاج معالجہ کی بھر پور سہولتوں کی فراہمی عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خٹک ،آئی جی سندھ کلیم امام ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو محمد حسین سید کمشنر کراچی صالح فاروقی اور دیگر نے شرکت کی ۔جن اضلاع میں ضمنی انتخابات منعقد ہورہے ہیں ان کے ڈپٹی کمشنرزکو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔