عدالت نے ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

ملزمہ کے وکیل کی مقدمہ کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد‘گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 6 اکتوبر 2018 10:36

عدالت نے ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 06 اکتوبر۔2018ء) کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں.راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی، تاہم ہر بار کی طرح ماڈل ایان علی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئیں. دوران سماعت کسٹم پراسیکیوٹر امین فیروز نے عدالت سے درخواست کی کہ ملزمہ ڈیڑھ سال سے غیر حاضر ہے اور 50 سماعتوں پر بھی پیش نہیں ہوئی.

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ملوث ملزمہ ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں.

(جاری ہے)

ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کی. ملزمہ کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش نہ ہوئے بلکہ ان کے جونیئر وکیل پیش ہوئے اور کسٹم حکام کی جانب سے پراسیکیوٹر امین فیروز عدالت میں پیش ہوئے.

دوران سماعت ایان علی کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا جس پر ملزمہ کے وکیل نے عارضی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ ان کی موکلہ بیمار ہے اور عدالت پیش نہیں ہو سکتی. عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ملزمہ کا کوئی نیا میڈیکل سرٹیفکیٹ آپ کے پاس موجود ہے؟ ہر پیشی پر پرانے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر ہی حاضری سے استثنیٰ نہیں دی جا سکتا.

پراسیکیوٹر نے ایان علی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ بہانے بنا رہے ہیں اور ملزمہ کو عدالت پیش نہ کرنے کے لیے ہر پیشی پر کوئی نہ کوئی بہانہ بنا لیا جاتا ہے. ان کا کہنا تھا کہ ملزمہ 8 دسمبر 2015 سے عدالت پیش نہیں ہو رہی. کسٹم پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں. عدالت نے ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 22 اکتوبر کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دیا.