شہباز شریف کے دونوں صاحبزادے کمرہ عدالت میں موجود تھے

حمزہ شہباز نے وکلاء اور کارکنوں کو کمرہ عدالت میں نعرے لگانے سے روک دیا

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 14:30

شہباز شریف کے دونوں صاحبزادے کمرہ عدالت میں موجود تھے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2018ء) آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتار سابق وزیرا علیٰ محمد شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع ان کے دونوں صاحبزادے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کمرہ عدالت میں موجود تھے ۔ جب شہبازشریف کو کمرہ عدالت میں لایا گیا تو ان کے دونوں صاحبزادے انتہائی افسردہ نظر آئے تاہم دونوں نے ہمت دکھاتے ہوئے اپنے چہرے سے اس طرح کے تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کی ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر کارکنان اور وکلا نے نعرے بازی کی کوشش بھی کی لیکن حمزہ شہباز نے انہیں منع کر دیا اور نعرے نہ لگانے کی ہدایت کی۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔ شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت میں لایا گیا جہاں وہ کمرہ عدالت میں بیٹھے رہے ۔

شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد ان کی پہلی تصویر بھی منظر عام پر آئی۔ شہباز شریف کی تازہ ترین تصویر میں سفاری سوٹ میں ملبوس دیکھا گیا جبکہ ان کے چہرے پر پریشانی کے تاثرات تھے۔
نیب نے احتساب عدالت سے شہباز شریف کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جس کے بعد نیب انہیں بکتر بند گاڑی میں لے کر احتساب عدالت سے روانہ ہو گئی۔