سانحہ 12مئی کیس ،وسیم اختر سمیت ایم کیو ایم کے 21ملزمان پر فرد جرم عائد

ملزمان کی جانب سے صحتِ جرم سے انکار پر عدالت نے گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 اکتوبر کو طلب کرلیا

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2018ء) انسدادِ دہشتگردی عدالت نے سانحہ 12 مئی کیس میں میئر کراچی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان کے رہنما وسیم اختر سمیت 21 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ہفتہ کو کراچی کی انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بارہ مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ میئر کراچی وسیم اختر سمیت 21 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

خصوصی عدالت نے 4 مقدمات میں سے ایک مقدمے میں ملزمان پر فردِ جرم عائد کردی تاہم تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا۔

(جاری ہے)

صحتِ جرم سے انکار پر عدالت نے گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 اکتوبر کو طلب کرلیا۔ملزمان کے خلاف 4 مقدمات ائیرپورٹ تھانے میں درج کئے گئے تھے جن میں سے مقدمہ نمبر 86/2007 میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے جب کہ اس سے پہلے بھی ایک کیس میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔ عدالت مذکورہ مقدمے کے 9 مفرور ملزمان کو اشتہاری بھی قرار دے چکی ہے۔واضح رہے کہ 12 مئی 2007 کو سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے دور آمریت میں وکلا تحریک کے دوران معزول چیف جسٹس افتخار چوہدری کی کراچی آمد پر سیاسی جماعت کے کارکنوں کی فائرنگ سے وکلا سمیت کم از کم 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔