Live Updates

اسحاق ڈارکا چوہدری نثارکو سیاسی بقاء کیلئے اہم مشورہ

پارٹی میں واپسی کیلئے نوازشریف کی ناراضگی دور کریں، چوہدری نثار وطن واپسی پرنوازشریف سے اظہار تعزیت کیلئے ملاقات کریں گے، ملاقات میں سیاسی معاملات پربھی بات ہونے کا امکان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 6 اکتوبر 2018 20:11

اسحاق ڈارکا چوہدری نثارکو سیاسی بقاء کیلئے اہم مشورہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 اکتوبر 2018ء) مسلم لیگ ن کے ناراض رہنماء اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارکو سیاسی بقاء کیلئے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اہم مشورہ دے دیا، وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے چوہدری نثار سے کہا کہ پارٹی میں واپسی کیلئے نوازشریف کی ناراضگی دور کریں، چوہدری نثار لند ن سے واپسی پرنوازشریف سے اظہار تعزیت کیلئے ملاقات کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کے دونوں قومی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن ہارنے کے بعد سیاسی ساکھ شدید متاثر ہوئی ہے۔الیکشن سے قبل تحریک انصاف نے چوہدری نثار کی پارٹی میں شمولیت کیلئے منت سماجت تک کی۔ لیکن چوہدری نثار نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔ تاہم چوہدری نثار کے مقابلے میں الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار غلام سرور جیت گئے۔

(جاری ہے)

جس پراب چوہدری نثار کیلئے تحریک انصاف نے بھی دروازے بند کردیے ہیں کیونکہ چوہدری غلام سرور اب چوہدری نثار کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے مخالف ہیں۔ اسی طرح سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ن لیگی اعلیٰ قیادت نوازشریف کے ساتھ پاناما کیس میں ان کے بیانیئے سے اختلاف کیا جس پر نوازشریف ان سے ناراض ہوگئے۔تاہم ن لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے پرچوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں ن لیگی امیدوار کیخلاف الیکشن لڑا۔

اور الیکشن میں نوازشریف کے بیانیئے کی کھل کرمخالفت بھی کی۔جس پرنوازشریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات مزید بڑھ گئے۔ تاہم اب چوہدری نثار جو کہ الیکشن میں صرف صوبائی نشست جیتنے میں کامیاب ہوسکے ہیں ان کیلئے ایوان میں جانا اور اپوزیشن کے بنچوں پربیٹھنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ کیونکہ ن لیگ اور تحریک انصاف دونوں نے چوہدری نثار کیلئے پارٹی کے دروازے بند کردیے ہیں۔

چوہدری نثار نے اپنا سیاسی مستقبل بچانے کیلئے لندن میں اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی میں واپسی کیلئے مشورہ کیا۔ اسحاق ڈار نے چوہدری نثار کو مشورہ دیا کہ نوازشریف سے ملاقات کرکے ان کی ناراضگی کودور کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار لندن سے وطن واپسی پرپارٹی قائد نوازشریف سے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پراظہار تعزیت کیلئے جاتی امراء جائیں گے جہاں وہ سیاسی معاملات پر بھی نوازشریف سے بات چیت کریں گے۔

تاہم چوہدری نثار نے لندن میں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت بھی کی تھی۔ واضح رہے الیکشن 2018ء میں سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار نے این اے 59اور این اے 63جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی10اور 12سے عام انتخابات میں حصہ لیا تھا ۔لیکن چوہدری نثار قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں اور پنجاب اسمبلی کی ایک نشست سے الیکشن ہار گئے اور صرف ایک نشست پی پی 12سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ الیکشن ہارنے کے بعد چوہدری نثار علی خان سیاست سے کنارہ کش ہو کرلندن مقیم ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات